اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - کسی انسان یا حیوان کے منہ میں پایا جانے والا ہڈی کی طرح سخت عضو جو کاٹنے اور چبانے کا کام دیتا ہے، دندان۔
"دانت پر سفید چمک دار مادہ کی تہہ چڑھی ہوتی ہے جسے انیمل (Enamel) کہتے ہیں"۔
( ١٩٨١ء، اساسی حیوانیات، ٨٣ )
٢ - آری، کنگھی یا پہیے وغیرہ کا کٹاؤ یا چاقو وغیرہ کے دندانے جو دانت سے مشابہ ہوتے ہیں۔
"پہلے وہ ٹرک پہیے کے ایک دانت سے ایک طرف کو موڑ دیتا تھا"۔
( ١٩٥٧ء، سائنس سب کے لیے، ٤٢٤:١ )
٣ - دندانے جو چکی یا سل پر ایک آہنی اوزار سے کوٹ کوٹ کر ڈالے جاتے ہیں تاکہ جو چیز پیسنی ہو وہ اچھی طرح سے اورجلد پس جائے۔
مسالہ پیستے ہیں جس پہ وہ بے دانت کی سل ہے نہ کچھ بھی چل سکی ان کانگرس والوں کے بٹے کی
٤ - کنجی کے منہ کا کھندانا یا کٹاؤ جو قفل کے ہڑ کے آگے بڑھانے یا پیچھے ہٹانے کے لیے بنایا ہوتا ہے، دانتا۔
٥ - ہاتھی یا سور کے لمبے دانت جو باہر نکلے ہوتے ہیں۔ اور ہتھیار کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔
"نہ درندوں کے سنگ نہ دانت کہ ہتھیاروں کا کام دیں"۔
( ١٩٠٦ء، الحقوق و الفرائض، ١:١ )
٦ - میل، رغبت، میلان خاطر، خواہش، قصد، ارادہ۔
"ہمارا مدت سے اس پر دانت ہے"۔
( ١٨٨٨ء، فرہنگ آصفیہ، ٢٢٥:٢ )