اسم معرفہ ( مؤنث )
١ - [ ہندو ] دیوتاؤں کی پوجا کا ایک طریقہ (جس کی صورت یہ ہے کہ پجاری مندروں میں پیتل کے پنج شاخ کی ساری بتیاں روشن کر کے دیوتا کی مورت کے سر کے گرد پھراتا ہے باجے اور گھڑیال کی گونج میں پجاری اور حاضرین بھجن گاتے جاتے ہیں)۔
"ہمہ وقت بھجن، راماین، اشنان، آرتی اور پوجا پاٹھ کا اہتمام رہتا۔"
( ١٩٥٦ء، آشفتہ بیانی میری، ٣٠ )
٢ - [ ہندو ] شادی میں دولھا کے گرد اور محبت یا عقیدت میں محبوب یا کسی مقدس ہستی یا محترم چیز کے چاروں طرف چراغوں کی تھالی یا نچھاور وغیرہ پھرانے کا دستور۔
بھرے ہیں موتیوں سے تھال آرتی کے لیے کھڑی ہیں در پہ حسینان گلعزار اودھ
( ١٩٢٩ء، مطلع انوار، ١١١ )
٣ - وہ بھجن اور گھڑیال جو آرتی کے وقت گایا اور بجایا جائے۔
"موجودہ منازعات کا حقیقی سبب شدھی سنگھٹن آرتی اذان گاو کشی وغیرہ نہیں ہیں۔"
٤ - آرتی کا ساز و سامان، بھینٹ، نذر۔
کنک تھال میں نور تن آرتی اور بھی ہو رہے شاہ پر وارتی
( ١٥٦٤ء، حسن شوقی، د، ١٢٩ )
١ - آرتی جگانا
آرتی کے بھجن یا گیت گانا۔"جوہی کے گجروں میں لپٹی کنول کے پھولوں ایسے پیروں والی راجکماریاں لکشمی کے آگے جنم جنم کی آرتی جگاتی تھیں۔"
( ١٩٤٧ء، میرے بھی صنم خانے، ٢٧ )
٢ - آرتی کرنا
آرتی کی رسم بجا لانا، آرتی اتارنا۔ وہ اس وقت ہر روز جلوت میں بیٹھیں کریں آرتی اور خلوت میں بیٹھیں
( ١٩٠٩ء، مظہرالمعرفت، ٨٦ )
خوشامد کرنا۔"مرد اس کی محبت کے خاطر ہزاروں آرتیاں کرتا۔"
( ١٨٢٤ء، دکنی انوار سہیلی، ٢٧٠ )
٣ - آرتی نوازنا
آرتی اتارنا، آرتی کرنا۔ سہا گاں بھاگ پھل مستک کھلے ہیں سہیلیاں آرتی تارے نوارے
( ١٦١١ء، قلی قطب شاہ، کلیات، ١٦١:١ )
٤ - آرتی ہونا
آرتی کرنا کا فعل لازم۔"معلوم ہوتا ہے کہ ساتوں ادھیائے پورے ہو گئے، آرتی ہو رہی ہے۔"
( ١٩٣٥ء، گئودان، ٣٠٧ )