اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - وہ لطیف بخارات جو پانی کے جوش کھانے سے اوپر اٹھتے ہیں، اسٹیم۔
'بھاپ کی استری - بہتر رہتی ہے کیونکہ بھاپ سے کپڑے میں نمی آ جاتی ہے اور ساتھ ہی چمک بھی پیدا ہو جاتی ہے۔"
( ١٩٧٠ء، گھریلو انسائیکلوپیڈیا، ٤٩٧ )
٢ - منھ سے نکلنے والی گرم و تر سانس؛ جاڑوں میں انسانوں اور حیوانوں کے منھ سے نکلنے والا دھواں۔
'وہ - بار بار اس کے پیچھے آ کر کھڑے ہو جاتے اور گرم گرم بھاپیں اس کی گردن پر چھوڑنے لگتے۔"
( ١٩٦٢ء، معصومہ، ٢٤٢ )
٣ - وہ گرم و تر ہوا جو تازہ پکے ہوئے کھانے سے یا تیز گرمی میں زمین سے اٹھتی ہے۔
نہ گرمی سوں راکھے ستل نس کی تھاپ کہ سب نس اوبلتی رہوے دن کی بھاپ
( ١٦٥٧ء، گلشن عشق، ١١١ )
٤ - جسم کی مرطوب گرمی؛ جسم سے نکلنے والی گرم نمی۔
گرمی میں ماں بچائے جنھیں تن کی بھاپ سے وہ پسلیاں شکستہ ہوں گھوڑوں کی ٹاپ سے
( ١٨٧٤ء، انیس، مراثی، ٤٥٣:٢ )