بہنا

( بَہْنا )
{ بَہ (فتحہ ب مجہول) + نا }
( سنسکرت )

تفصیلات


وہنین  بَہہ  بَہْنا

سنسکرت میں اصل لفظ 'وہن' سے ماخوذ اردو زبان میں 'بہہ' مستعمل ہے اس کے ساتھ اردو لاحقۂ مصدر 'نا' لگنے سے 'بہنا' بنا۔ اردو میں بطور مصدر مستعمل ہے۔ ١٥٠٣ء میں 'نوسرہار" میں مستعمل ملتا ہے۔

فعل لازم
١ - جاری ہونا، رواں ہونا۔ (پانی یا خون وغیرہ کا)۔
 بہتی ہے اب بھی پہلے بھی جاری تھی نہر شک پھر نفع کیا ہوا مری آنکھوں کو پھوڑ کر      ( ١٩٢٧ء، شاد، میخانۂ الہام، ١٥٦ )
٢ - کسی سوراخ یا دراڑ سے تھوڑا تھوڑا رس کر گر جانا۔
 مری مظلوم چپ پر شادمانی کا گماں کیوں ہو کہ نا امیدوں کے زخم کو بہنا نہیں آتا      ( ١٩٤١ء، انوار، علی اختر، ٢٥ )
٣ - پانی کی رو میں چلا جانا۔
'جو سیلاب دریائے گومتی میں آیا تھا اس میں مویشی اور کچے مکان تک بہہ گئے۔"      ( ١٩٦٠ء، مہذب اللغات، ٤٠٤:٢ )
٤ - پگھلنا، گلنا۔
'تم نے شمع ٹیڑھی لگا دی تھی دو ہی منٹ میں بہہ گئی، کپڑے میں برف لپیٹ کے نہیں رکھی تھی سب بہہ گئی۔"      ( ١٩٦٠ء، مہذب اللغات، ٤٠٤:٢ )
٥ - (کبوتر یا کسی پرند کا) ہوا کے باعث کہیں سے کہیں جا نکلنا، کھو جانا، آشیانے یا ساتھیوں سے جدا ہو جانا۔
'ایسا ستھرا بہا ہوا کبوتر مفت ہاتھ آیا۔"      ( ١٩٤٥ء، پر پرواز، ٦٠ )
٦ - پھسل جانا، جگہ سے ہٹ جانا، جیسے ٹوپی کی گوٹ یا صرف کا دائرہ بہنا۔(فرہنگ آصفیہ، 442:1)
٧ - (ہوا کا) چلنا۔
'ہندوستان میں - دیوانگی کی ہوا بہتی تھی۔"      ( ١٨٠٢ء، باغ و بہار، ٥٤ )
٨ - ضائع ہونا، بیجا صرف ہونا۔
'ان کا روپیہ تو یوں ہی بہا۔"      ( ١٨٨٨ء، فرہنگ آصفیہ، ٤٤٢:١ )
٩ - غارت ہونا، برباد ہونا۔ (نوراللغات، 738:1
١٠ - سستا بک جانا، کوڑیوں کے دام بکا، نرخ سے گھٹ کر بکنا؛ (قدر و قیمت کا) گرنا یا ختم ہو جانا۔
 تھا تو بہا میں بیش پر اس لب کے سامنے سب مول تیرا لعل بدخشاں بہہ گیا      ( ١٨٥٤ء، ذوق، دیوان، ٦١ )
١١ - کبوتروں کے جوڑے کا بہت انڈے دینا، کثرت سے انڈے دینا۔
'ایسا بہتا ہوا جوڑا تم نے ایک روپیہ کو بیچ ڈالا بڑا غضب کیا۔"      ( ١٩٦٠ء، مہذب اللغات، ٤٠٤:٢ )
١٢ - نزلے کی غلاظت کا رقیق ہو کر ناک وغیرہ سے ٹپکنا، جاری ہونا۔
'آج مرزا جی کو افیم نہیں ملی تو صبح سے ناک بہہ رہی ہے۔"      ( ١٩٦٠ء، مہذب اللغات، ٤٠٤:٢ )
١٣ - بٹیر کا تن سے اتر جانا، دبلا ہو جانا۔
'یہ بہا ہوا بٹیر تو مہینے بھر میں بھی لڑنے کے قابل نہیں ہو گا۔"      ( ١٩٦٠ء، مہذب اللغات، ٤٠٤:٢ )