اسم آلہ ( مذکر - واحد )
١ - سوت کاتنے کا ایک آلہ جس میں ایک مستطیل چوکھٹے ((بیٹھک یا منجھے) کے بائیں سرے پر تکلے کے کھونٹے اور دائیں سرے پر کھونٹوں میں چکوا جڑا ہوتا ہے اور چکوے کے پھٹوں کے کٹے کٹے کنارے ستلی یا ڈور سے باہم کسے ہوتے ہیں۔ ستلی یا ڈور پر مال چڑھا کر چکوے اور تکلے میں ربط پیدا کیا جاتا ہے، تکلے میں چرخ اور دم اڑا لگا کر دستہ کو گھماتے ہیں اور مقرر طریقے سے روئی یا رووڑ کاتتے ہیں۔
"عورتوں نے پرانے چرخوں کی صفائی کی اور گاندھی جی کے ارشاد کی تعمیل میں سوت کاتنے لگے۔"
( ١٩٨٤ء، گرد راہ، ٤٠ )
٢ - روئی کی لمبی لمبی پونیاں یا دھاگا لپیٹنے کا بیلن جو ہچکے سے مشابہ مگر اس سے بہت بڑا ہوتا ہے۔
"بیلن سے نکال کر اس کو چرخے یا ریل پر لپیٹتے ہیں۔"
( ١٨٩١ء، رسالہ حسن، مئی، ٥٥ )
٣ - ایک قسم کا ناچ جس میں ناچنے والی کے پھیلے ہوئے ہاتھ اور لہنگے کے نچلے کنارے تیزی سے گھومتے ہیں (اوپر نیچے) دو پہیوں کی سی شکل پیدا کر دیتے ہیں۔ (فرہنگ آصفیہ، نوراللغات)
٤ - مجرم کی گردن کاٹنے کے لیے دھار دار پہیے کی ایک مشین جس کا انیسویں صدی تک فرانس میں رواج تھا۔
"١٧٩٤ء میں - ظلم و ستم کا تسلط تھا چرخہ یہیں لگایا گیا تھا۔"
( ١٨٨٩ء، گلگشت فرنگ، ٢٠٦ )
٥ - [ کشتی ] کُشتی کا ایک دانو جس میں حریف کی داہنی جانب بیٹھ کر اپنی بائیں ٹانگ اس کی داہنی ٹانگ میں اندر ڈال کر باہر نکال اور داہنی ٹانگ گردن میں ڈال کر دونوں پیر ملا لیے جاتے ہیں اور آگے کو ڈنڈ کیا جاتا ہے حریف چت ہو جاتا ہے۔ (ماخوذ : رموز فن کشتی، 113:1)
٦ - اکا، ٹھیلا۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، منیر، 61)