چڑیا

( چِڑْیا )
{ چِڑ + یا }
( سنسکرت )

تفصیلات


چٹکہ  چِڑْا  چِڑْیا

سنسکرت کے لفظ 'چٹکہ' سے ماخوذ 'چڑا' بنا۔ ایک خیال کے مطابق "حکایت الصوت" کے حوالے سے 'چڑ' کے ساتھ الف بطور لاحقۂ فاعل لگانے سے 'چڑا' بنا جس کی یہ تانیث ہے۔ ١٥٠٣ء میں "لازم المبتدی" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
جنسِ مخالف   : چِڑا [چِڑا]
جمع   : چِڑْیاں [چِڑ + یاں]
جمع غیر ندائی   : چِڑیوں [چِڑ + یوں (و مجہول)]
١ - چڑا کی مادہ، کنجشک مادہ۔     
 پرندں کا جھرمٹ برنگ سحاب کہیں جھنڈ چڑیوں کا بالائے آب     رجوع کریں:   ( ١٩٣٢ء، بے نظیر، کلام بے نظیر، ٣١٥ )
٢ - وہ کپڑا جو بڑھانے یا مضبوط کرنے کے لیے کرتے وغیرہ میں لگاتے ہیں، چوبغلا۔ (نوراللغات)
٣ - انگیا کی دونوں کٹوریوں کے بیچ کی سیون، انگیا کی چڑیا۔
"وہی انگیا وہی کرتی وہی انگیاؤں کی چڑیاں وہی شلوکے وہی دوپٹے"      ( ١٩٧٧ء، یادوں کی بارات، ٢٠٠ )
٤ - لکڑی کا وہ آڑا ٹکڑا جو چھپر کے ستون یا کہاروں کی لاٹھی پر سوراخ کرکے لگایا جاتا ہے؛ پردار گیند؛ چڑیا کی شکل جو آٹے سے بنا کر عورتیں پکاتی اور بچوں کو دیتی ہیں۔ (نوراللغات)
٥ - پرند،طائر۔
 جو جس کے مناسب تھا گردوں نے کیا پیدا یاروں کے لیے عہدے چڑیوں کے لیے پھندے      ( ١٩٢١ء، اکبر، کلیات، ٢٩:٣ )
٦ - جمع یا کاٹے کا نشان (+)، چلیپا۔
"چڑیا (یامقامی لفظوں میں صلیب) کا اشارہ کرنا ہوتا آسمان کی طرف نگاہ اٹھتی"      ( ١٩٧٠ء، قافلہ شہید کا، ٥٢٩ )
٧ - وہ لکڑی جو گنا پیلنے کی کل کو ستون کے ساتھ ملاتی ہے؛ ایک قسم کی بارش، وہ مینہ جو بآہستگی برستا ہو۔ (جامع اللغات)
٨ - [ خیاطی ]  نیفے کا سموسہ نما سلا ہوا منہ، نیفے میں ازار بند ڈالنے کی جگہ۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، جامع اللغات، نوراللغات)
٩ - [ پارچہ بافی ]  رچ لٹکانے کی کمانی یا ترازو کی ڈنڈی کے مانند لٹکی ہوئی لکڑی جس کے سرے رچ کی حرکت کے ساتھ نیچے اوپر ہوتے رہتے ہیں، ناچنی (نچنی)، چو چلا۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 28:2)
١٠ - [ چھپر بندی - اصطلاحا ]  بیساکھی کے سرے پر بلینڈے کے ٹکاؤ کے لیے چڑیا کی شکل کی جڑی ہوتی چھوٹی لکڑی چڑیا کہلاتی ہے اس کی وجہ سے پوری بیساکھی کو بھی چڑیا کہہ دیتے ہیں۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 14:1)
١١ - [ کاشتکاری ]  ناگر (گہری کھدائی کے ہل کی پھار والی لکڑی) کی مٹھیا کی کھونٹی۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 55:6)
١٢ - گھوڑے کے ساز یعنی بنگلے کے بیچ میں لگا ہوا پیتلی آنکڑا جس میں منہ زور گھوڑے کی گول باگ اٹکا دی جاتی ہے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 41:5)
١٣ - [ گاڑی بانی ]  جوت کا سرا یاسرے اٹکانے کو گاڑی کے جوئے کے بیچ میں اوپر کے رخ لگا ہوا وہ آہنی یا پیتلی آنکڑا جو چڑیا کی شکل کا بنا ہو۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 110:5)
١٤ - بتاشے بنانے کا ڈوئی کی وضع کا چھوٹا چوبی کھیچہ، ڈابی، ڈربی ڈرہو، چنڈوی، چڑا۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 195:3)
١٥ - [ ٹھگی ]  چھوٹے الّو کی آواز کاشگون، پتوری، کھریری۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 186:8)
  • جھرکی
  • چلک