١ - برگد کی نوع کا ایک بڑا سایہ دار درخت جو برصغیر میں تقریباً ہر جگہ پایا جاتا ہے یہ اونچائی میں برگد کے برابر ہی ہوتا ہے لیکن اس میں برگد کی طرح جٹائیں نہیں پھوٹتیں اس کے پتے گول ہوتے ہیں اور آگے کی طرف لمبی گاو دم نوک ہوتی ہے چھال سفید اور چکنی ہوتی ہے۔ لڑکی پولی اور کمزور ہوتی ہے اور جلانے کے سوا کسی اور کام کی نہیں ہوتی اس کی پیپلی (پھل) برگد کے درخت کی نسبت چھوٹی اور گول اور پکنے پر میٹھی ہوتی ہے۔ پھل لگنے کا موسم بیساکھ، جیٹھ ہے اس کی ڈالیوں پر لاکھ کے کیڑے پیدا ہوتے اور پالے جاتے ہیں چھال کے ریشوں سے برما والے ایک قسم کا ہرا کاغذ بناتے ہیں۔ ہندو اس درخت کو بہت متبرک مانتے ہیں۔ لاطینی (Ficus religiosa)۔
اپنے پیپل کے وہ پتوں کا ترنم دلکش تیرے کھڑاگ سے اے شاخِ چنار اچھا ہے
( ١٩٣٧ء، نغمۂِ فردوس، ٢١٠:٢ )