پھاڑنا

( پھاڑْنا )
{ پھاڑ + نا }
( سنسکرت )

تفصیلات


سپھاٹیہ  پھاڑْنا

سنسکرت میں لفظ 'سپھاٹیہ' سے اردو میں ماخوذ 'پھاڑ' کے ساتھ اردو قاعدے کے تحت علامتِ مصدر 'نا' ملنے سے 'پھاڑنا' بنا۔ اردو میں بطور مصدر استعمال ہوتا ہے سب سے پہلے ١٦٠٩ء کو "قطب مشتری" میں مستعمل ملتا ہے۔

فعل متعدی
١ - پرت والی چیز کے کچھ حصے الگ کرنا، ٹکڑے کرنا، تختے وغیرہ میں بڑا سوراخ کرنا (مجازاً) سخت محنت کرنا۔
"خضر نے ایک تختہ توڑ کر کشتی کو پھاڑ دیا۔"      ( ١٩٠٦ء، الحقوق و الفرائض، ١١٠:٢ )
٢ - کسی نوکیلی چیز کو لکڑی وغیرہ کی سطح پر اس طرح مارنا یا کھینچنا کہ سطح کا کچھ حصہ ہٹ جائے یا اس میں دراڑ پڑ جائے، چیرنا۔
"میں بجائے اس کے کہ ان شرائط پر عمل کروں . لکڑیاں پھاڑنا زیادہ پسند کروں گا۔"      ( ١٩٢٥ء، تاریخ یورپ جدید، ٢١٣ )
٣ - (ہاتھ سے) چاک کرنا، قطع کرنا (کپڑے کاغذ وغیرہ کو)۔
 ادب ہر بات کو مانع ہے وحشت گاہ عالم میں کدھر جائیں کدھر ہم پھاڑ کر پھینکیں گریباں کو      ( ١٩٢٧ء، شاد، میخانۂ الہام، ٢٥٢ )
٤ - (انتوں سے) جاندار کے جسم یا اس کے کسی حصے کو چیرنا، کاٹنا، بھنبھوڑنا۔
"یہ تو میرے بیٹے کا قمیص ہے اور کوئی بڑا درندہ اِسے کھا گیا، یوسف بے شک پھاڑا گیا۔"      ( ١٨٢٢ء، موسٰی کی توریت مقدس، ١٤٨ )
٥ - (کیمیاوی مرکب کی) تحلیل کرنا، کسی مائع کو کوئی لاگ یا گرمائی دے کر اس کے اجزاء کو الگ کرنا۔
"گوشت کی ساری یخنی جس میں قلیل نمک کے سوا اور کچھ نہ پڑے اور انڈے وغیرہ سے پھاڑ کر اس کا نسوت پانی نکال لیا جائے، پینی چاہیے۔"      ( ١٩٠٧ء، مکتوبات حالی، ٣٩٩:٢ )
٦ - (ٹھوس چیز کو) شق، دونیم کرنا۔
"زمین میں اکڑ کر نہ چلا کر کیونکہ تو زمین کو پھاڑ نہیں سکے گا۔"      ( ١٩٠٦ء، الحقوق و الفرائض، ١٠٣:٣ )
٧ - توڑنا۔
 گر رہا یوں ہی قلق تیرے اسیروں کو تو بس چھت کی جانب سے نکل جائیں گے زنداں کو پھاڑ      ( ١٨٠٩ء، جرآت، دیوان (عکسی)، ٩٥ )
٨ - [ سائنس۔ ]  ریزہ ریزہ کرنا۔
"ایٹم بم کی ماہیت و ساخت پر سنجیدہ مضامین لکھے گئے اور دعویٰ کیا گیا کہ یہ قوت (ایٹم) کو پھاڑ کر بنی نوع انسان کی . لیکن ایٹم پھاڑنے کی ترکیب کسی کو معلوم نہ تھی۔"      ( ١٩٤٦ء، چوروں کا کلب، ١١٧ )
٩ - زخمی کرنا۔ خراشیں ڈالنا۔
 سرد مہری سے تری ٹکڑے جگر ہوتا ہے بس نہ اے باد زمستاں رخِ جاناں کو پھاڑ      ( ١٨٠٩ء، جرآت، دیوان (عکسی)، ١٨٧ )
١٠ - (عموماً آنکھ کے لیے) غیر معمولی طور سے کھولنا، پھیلانا یا چیرنا۔
"جب جمال نے یہ باتیں سنیں تو وہ اٹھا اور آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر ان کی طرف دیکھنے لگا۔"      ( ١٩٤٠ء، الف لیلہ و لیلہ، ٩٢:١ )
١١ - ایک شیرازے میں سے اجزاء کا کوئی حصہ الگ کرنا۔
"انہوں نے کتاب کی جلد تو اکھاڑ لی اور ورقوں کو . پھاڑ کر پھینک دیا۔"      ( ١٨٧٧ء، توبۃ النصوح، ١٢٥ )
١٢ - بیزار کرنا، ناراض کرنا، ناخوش کرنا۔ (نوراللغات)۔
١٣ - (کپڑے کے لیے) بیوتنا، چاک کرنا۔ (نوراللغات)۔
  • tear
  • rend
  • rip
  • split
  • cleave
  • mangle