گانٹھنا

( گانْٹْھنا )
{ گانْٹھ (ن غنہ) + نا }
( سنسکرت )

تفصیلات


گرنتھن  گانْٹْھنا

سنسکرت زبان کے اصل لفظ 'گرنتھن' سے ماخوذ اردو میں 'گانٹھنا' مستعمل ہے۔ اردو میں اصل معنی کے ساتھ بطور فعل استعمال ہوتا ہے۔ ١٦٥٤ء کو "گنج شریف" میں مستعمل ملتا ہے۔

متعلق فعل
١ - گرہ دینا، باندھنا، ٹانکنا۔
"عام طریقہ اس کی آراستگی کا یہ ہے کہ بذریعہ باگ کے اچھی طرح گھوڑے کا سر گانٹھنا چاہیے۔"      ( ١٨٧٢ء، رسالہ سالوتر، ١٢:١ )
٢ - سینا، مرمت کرنا۔
"آپ . اپنے جوتے آپ گانٹھ لیتے۔"      ( ١٩٤٣ء، سیدہ کی بیٹی، ٢٢ )
٣ - کسی کو اپنے ساتھ ملا لینا، ہم خیال کر لینا، اپنے مطلب پر لانا (بیشتر "کو" کے ساتھ)، پر چانا، اپنے ڈھب پر لانا۔
"وائسراے نے راجواڑوں کو گانٹھنے کی کوششیں تیز کر دیں۔"    ( ١٩٨٢ء، آتش چنار، ٢٣٨ )
٤ - ڈورے ڈال کر راغب کرنا، پھانسنا، پٹانا۔
"وہ عورت بہت خراب ہے . اب ڈپٹی صاحب بیچارے کو گانٹھنا چاہتی ہے۔"    ( ١٩٣٩ء، شمع، ٦٨٤ )
٥ - کسی سازش میں ملوث کرنا، سازش کرنا، ساز باز کرنا۔
"مرزا عبداللہ کو مع افسران فوج اپنی درخواست متفق کرنے کے لیے گانٹھا۔"      ( ١٩١٩ء، فسانۂ غدر، ٨٣:٤ )
٦ - بدسلیقگی سے کرنا، کسی کام کے بے ڈھنگے پن سے کرنا، بنانا (مضمون شعر، منصوبہ وغیرہ)۔
"بادشاہ کے دل میں اس کے بعد ان منصوبوں کے اظہار و اعلان میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہ رہی جو انہوں نے اپنی دل میں گانٹھنے تھے۔"      ( ١٩٥٣ء، حیات شیخ عبدالحق محدث دہلوی، ٢٩٨ )
٧ - پیوند لگانا، سلائی کرنا، بری طرح سینا۔
"معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی انا صاحبہ آپکو پرانے کپڑے گانٹھ گانٹھ کر پہنا رہی ہیں۔"      ( ١٩٤٧ء، فرحت، مضامین، ٥٤:٧ )
٨ - حریف کی ضرب یا وار کو ڈھال وغیرہ کسی چیز پر روکنا اور اپنے اوپر آنے نہ دینا۔
 پاس آتے ہی ستم گرنے کیے وار پر وار گانٹھتے جاتے تھے تلوار پہ حضرت تلوار      ( ١٩٣١ء، محب، مراثی، ٦٠ )
٩ - اس طرح گرفت کرنا کہ چھوٹنا مشکل ہو، مضبوطی سے پکڑنا، دبوچنا، جکڑنا۔
 سائل نہ تھا مگر مری صورت سوال تھی گانٹھا گیا ہوں صرف اسی اشتباہ پر      ( ١٩٥٤ء، فردوس صفی، ٦٣ )
١٠ - کاڑھنا۔
"گلوبند . ریشم سے گانٹھ کر گلے میں باندھتے ہیں۔"      ( ١٩٣٩ء، آئین اکبری (ترجمہ)، ٢٨٤:٢ )
١١ - (رعب، دھونس وغیرہ) جمانا، قائم کرنا۔
"ان میں سے اکثر ہم لوگوں پر اپنے علم کی دھونس بھی گانٹھتے تھے۔"      ( ١٩٨٨ء، قومی زبان، کراچی، اپریل، ١٦ )
١٢ - موتی وغیرہ دانوں کو دھاگے میں ایک دوسرے سے برابر فاصلے پر۔ (جامع اللغات، پلیٹس)