فعل لازم
١ - روشن ہونا، آگ لگنا۔
جلنا نہ تمہیں انجمن یار میں آیا اتنا تو ہمیں کہتے ہیں پروانے بھی جل کر
( ١٩٠٣ء، نظم نگاریں، ٥٥ )
٢ - [ مجازا ] مشتعل ہونا، غصے سے بھڑک اٹھنا۔
داغ نے جب یہ کہا داغ جگر دیکھا بھی جل کے وہ کہنے لگے تیرا کلیجا دیکھا
( ١٩٠٥ء، داغ، یادگار داغ، ١٤ )
٣ - جھلسنا، بھننا، (مجازاً) گرم ہونا، تپنا۔
"بادسموم کا چلنا، پہاڑوں کا تپنا، ریگ رواں کا جلنا۔"
( ١٨٩٠ء، فسانۂ دلفریب، ٣٨ )
٤ - راکھ ہو جانا، سوختہ ہو جانا۔
"لوگ اس آگ میں جا کر پھاندتے ہیں وہاں گئے اور جل گئے۔"
( ١٩٠٠ء، طلسم خیال سکندری، ٧٢:٢ )
٥ - [ مجازا ] حسد کرنا، رشک کرنا، تپش میں مبتلا ہونا۔
"وہ صاف ستھرا اور سلیقے سے رہتا ہے تو لوگ اس سے جلتے ہیں۔"
( ١٩٣٥ء، چند ہم عصر، ٢٨٢ )
٦ - [ مجازا ] سوزش میں مبتلا ہونا۔
دکھ درد ٹیس جلنا رہ رہ کے پھر لپکنا پھوڑا ہے دل نہیں ہے تجھ کو سنائیں کیا کیا
( ١٧٩٨ء، سوز، دیوان، ٧ )
٧ - حسد اور رشک سے تکلیف میں مبتلا ہونا۔
میرے جلنے پر جو رویا غیر تیری بزم میں سوز دل کو آپ اشک آتش پہ روغن ہو گیا
( ١٨٥١ء، مومن، کلیات، ٢٩ )
٨ - [ مجازا ] مرچ یا کسی تیز چیز (کے کھانے) سے زبان میں چرچراہٹ ہونا۔ (فرہنگ آصفیہ؛ نوراللغات)
٩ - [ مجازا ] کبیدہ خاطر ہونا، ناراض ہونا (غصہ میں آکر)۔
"میں نے جل کر وہ اخبار چھین لیا اور باہر سڑک پر پھینک دیا۔"
( ١٩١٤ء، دلاری، ٦٩ )
١٠ - [ مجازا ] دل آزردہ ہونا، غم اٹھانا، رنج و غم میں گھلنا؛ اذیت میں مبتلا ہونا۔
"چپکی بیٹھی دیکھ رہی ہوں اور چل رہی ہوں۔"
( ١٩٠٨ء، صبح زندگی، ٢٣ )
١١ - (موسم کے اثر سے نباتات کا) کمھلا جانا، سوکھ جانا۔
"جب ایک پتا پورے طور پر اپنی بہار دکھا جاتا ہے جل کر گر پڑتا ہے۔"
( ١٩٠٦ء، "مخزن، جون، ١٣ )
١٢ - [ مجازا ] ناپسند کرنا، نفرت کرنا۔
"گول پنجہ کی جوتی سے میں اور بھی زیادہ جلتی ہوں۔"
( ١٩٠٨ء، صبح زندگی، ١٥٠ )
١٣ - داغ لگنا (کسی چیز سالن ترکاری وغیرہ کا جلنا)۔
"تھوڑی تھوڑی دیر بعد دیکھتے رہا کریں کہ اسفنج ایک دم آگ میں رہ کر جل نہ جائے۔"
( ١٩٣٠ء، عصمتی دسترخوان، ١١٧ )
١٤ - جل کر خشک ہو جانا، ختم ہو جانا۔
"جب پانی جل جائے اور صرف تیل رہ جائے تو . مالش کریں۔"
( ١٩٣٣ء، حمیات اجامیہ، ١٥١ )
١٥ - اگر برف دیر تک ہاتھ میں رہے تو اس کی غیر معمولی ٹھنڈک کے اثر سے بیچپن ہونا۔ (ماخوذ: مہذب اللغات)
١ - جَلْنا بٌھننا
جل جانا، سوختہ ہو جانا، بھسم ہو جانا۔"ماں باپوں کی بیٹیاں کس طرح پروانوں کے مانند اپنی شمع پر جل بھن کر راکھ ہو جاتی ہیں"
( ١٩٣٦ء، ستونتی، ٣٥۔ )
[ تعلیمات ] نفرت کرنا، آزردہ ہونا، برہم ہونا، پیچ و تاب کھانا۔"لیکن دل و دماغ. جلتا بھنتا اور تڑپتا ہی رہے گا"
( ١٩٥٥ء، تجدید معاشیات، ٣٨١۔ )
٢ - جلے پر جَلانا
جو پہلے ہی مصیبت میں ہو اس کی مصیبت اور بڑھانا۔ میرا بچہ مرا جاتا ہے لوگو جلے پر اور تم آئے جلانے
( ١٩٧٠ء، مخزن، اگست ٦٣ )
٣ - چلے پر (لون | نمک) (چھڑکنا | لگانا)
مصیبت زدہ کی مصیبت کو اور زیادہ کرنا۔"اس میں کیسی جگ ہنسائی اور کیسی نک کٹائی تم تو خوامخواہ جلے پر نمک چھڑکتی ہو۔"
( ١٩٣٦ء، پریم چند، واردات، ٣٥ )
٤ - جلے پھپھولے پھوڑنا
جلی کٹی باتیں کر کے دل کی بھڑاس نکالنا، دل کا بخار نکالنا۔ جل گیا جب کسی سے بولے ہم پھوڑتے نہیں جلے پھپھولے ہم
( ١٩٠٥ء، داغ، محاورات داغ، ١٦٢ )
٥ - جل جانا
آگ لگ جانا، جل کر خاک ہو جانا یا ختم ہو جانا۔"ایک جنگل. میں جو ہمیشہ جل جایا کرتا ہو. جنگل کی فصل میں بہترین جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔"
( ١٩٠٦ء، تربیت جنگلات، ٦٧ )
(چراغ یا شمع کا) روشن ہونا۔ وہ غازہ ملتے جو منہ پر چراغ جل جاتے برنگ شمع کنول رشک سے پگھل جاتے
( ١٨٢٦ء، ریاض البحر، ١٩٧ )
مر جھانا، ٹھٹھر کر رہ جانا، (درخت پودے وغیرہ کا) خشک ہو جانا۔"گرمی کے موسم میں جن پودوں کو پانی نہیں ملتا، سوکھ جاتے ہیں، گھاس جل جاتی ہے۔"
( ١٩٠٦ء، جغرافیہ طبیعی، ٤٧ )
[ تعلیمات ] رشک کرنا، حسد کرنا۔ ادھر ان سب کا کھانا کھا کے آنا اپنی گاڑی میں میاں کالے کو لیٹا دیکھ کر گوروں کا جل جانا
( ١٩٢٩ء، دیوان جی، ٣٩٦:٣ )
غضبناک ہونا، طیش کھانا، چڑ جانا۔"اسماعیل بیگ کی چالاکیوں سے سیندھیا ایسا جل گیا تھا کہ اس نے. لشکر پر حملہ کر دیا۔"
( ١٩٤٧ء، مضامین فرحت، ١٠٧:٣ )
ناراض ہونا، کڑھنا، بگڑنا، پیچ و تاب کھانا۔ داغ کے نام سے نفرت ہے وہ جل جاتے ہیں ذکر کمبخت کا آنے کو تو اکثر آیا
( ١٩٠٥ء، انتخاب داغ، ٣٩ )
٦ - جل (کر | کے) کباب (ہونا | ہو جانا)
رشک و حسد کی شدت سے بہت زیادہ تکلیف میں ہونا، کڑھنا۔"جس چیز سے دشمنی پیدا ہوتی ہے اب اس کو ترقی دینی چاہیے جس سے دشمن جل کر کباب ہونگے۔"
( ١٩١٩ء، آپ بیتی، ١٣٣ )
گرمی کے اثر سے بے انتہا متاثر ہونا۔"پھیپھڑہ اس کی ہلکی ہلکی آنچ سے جل کر کباب ہو جاتا ہے"
( ١٩١٢ء، سی پارہ دِل، ٩٤:١ )
[ تعلیمات ] کسی اندرونی صدمے کے اثر سے بے انتہا متاثر ہونا، کسی کوفت میں گھل جانا۔ ہوا ہے محفل ساقی میں غیر جل کے کباب ہمارے منہ سے جو نام شراب نکلا ہے
( ١٨٥٨ء، دیوانِ امانت، ١١٠ )
٧ - جل کر راکھ ہونا
بالکل جل جانا، خاکستر ہو جانا۔ عزلت گمان یوں تھا کہ جل کہ ہوا ہے راکھ پھر دود آہ دل میں مرا دیدہ تر کیا
( ١٧٥١ء، نکات اشعراء، ٩٣ )
٨ - چلی کٹی سنانا
ایسی باتیں کرنا جن سے خفگی و ناراضگی یا رشک و عداوت ظاہر ہو، بغض یا بیر کی باتیں کرنا۔"مداری لال نے سمجھانا چاہا تو ان جکو بھی جلی کٹی سنائیں۔"
( ١٩٣٥ء، دودھ کی قیمت، ٩٣ )
٩ - جَلتی پر تیل کا کام (دینا | کرنا)
جھگڑے فساد کو شہ دینا، لڑائی چمکانا، شرو فساد میں اضافہ کرنا۔"برہمنوں کی اقتدار پسندی نے جلتی پر تیل کا کام دیا ۔"
( ١٩٦٥ء، تاریخ پاک و ہند، ٧٤ )
١٠ - جلتی آگ میں (کود پڑنا | کودنا)
اپنے آپ کو مصیبت میں ڈالنا، کسی کی مصیبت میں اس کا شریک حال ہونا۔"باپ سے ممکن ہے کہ بیٹا جلتی آگ میں کودے اور وہ کھڑا تماشا دیکھے۔"
( ١٨٨٥ء، محصنات، ١٢١ )
١١ - جَلتی رہنا
سخت آزمائش سے گزرنا، انتہائی یقین دلانا۔"تین برس میں نے جس طرح کاٹے. جلتی رہی، پھکتی رہی۔"
( ١٩٢٤ء، انشائے بشیر، ١٦٢ )