١ - لڑکوں کے ایک کھیل کا نام جو میدان یا کھلی جگہ میں کھیلا جاتا ہے اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ برابر کے دو گروہ بنا کر دونوں گروہ آمنے سامنے کھڑے ہو جاتے ہیں بیچ میں چند فاصل مقرر ہوتے ہیں حد فاصل کے ادھر ادھر کی جگہ (جہاں کوئی گروہ کھڑا ہو) پالا کہلاتی ہے، ایک گروہ کا لڑکا "کبڈی کبڈی" کہتا ہوا اور دایاں ہاتھ ران پر مارتا ہوا دوسرے گروہ کے پالے میں جاتا ہے۔ اگر وہ مخالف کے کسی آدمی کو چھو کر بغیر دم ٹوٹے واپس آئے گا تو وہ لڑکا جس کو اس نے چھوا ہے مر جاتا ہے۔ یعنی وہ کھیل سے الگ ہو کر بیٹھ جاتا ہے اور اگر مخالف پالے کے لڑکوں نے اسے پکڑ لیا اور حد فاصل تک پہنچنے سے پہلے اس کا دم ٹوٹ گیا تو یہ مر گیا، اس طرح کھیلتے کھیلتے جب کسی پالے کے سب لڑکے مر جاتے ہیں تو وہ گروہ ہار جاتا ہے اور اس کا نام پالا ہوتا ہے، اس کھیل کے کھیلنے والے عموماً لنگوٹی باندھتے ہیں۔
"ہم گلّی ڈنڈے یا پتنگ بازی یا کبڈی کو اپنا قومی کھیل مانتے ہیں۔"
( ١٩٨٠ء، اردو افسانہ روایت اور مسائل، ١٢١ )