فعل متعدی
١ - لکڑی یا کسی نوکدار چیز یا پنجوں وغیرہ سے زمین یا کسی چیز کے اوپر کا حصہ کھودنا۔
دیکھے در و دیوار تو حکمت پائی اور نیو کریدی تو حماقت دیکھی
( ١٩٤٧ء، سنبل و سلاسل، ٢١٠ )
٢ - کھرچنا۔
خوابوں کی کیڈ لاک میں بیٹھ کر آئینوں کی الٹی سمتیں نہ کریدو
( ١٩٨١ء، اکیلے سفر کا اکیلا مسافر، ١٤٣ )
٣ - پرندوں کا اپنی چونچ یا پنجوں سے زمین کو کھرچنا مٹی کوڑے وغیرہ کو الٹ پلٹ کرنا۔
"پرند نرم اور نم زمین کو اپنے پنجوں سے کرید کر کھود لیتے ہیں۔"
( ١٩٢٤ء، پرندوں کی تجارت، ٨ )
٤ - خلال کرنا (دانت کے ساتھ مخصوص)۔
"ململ جان کے میکے میں ہر شے کی ریل پیل ہو گئی اور گاڑھے خان کے گھر میں دانت کریدنے کو تنکا نہ رہا۔"
( ١٩٢٢ء، گاڑھے خان نے ململ جان کو طلاق دیدی، ٩ )
٥ - [ مجازا ] ہر بات کی تفتیش کرنا، چھان بین کرنا، تفحص کرنا، ہندی کی چندی کرنا۔
"ہمارے کریدنے پر انہوں نے بتایا کہ قاضی محمد عیسٰی نے مجھ سے درخواست کی تھی کہ ہم قائداعظم کی آمد پر ان سے بھرپور تعاون کریں۔"
( ١٩٨٦ء، تحریک پاکستان بلوچستان میں، ٦١ )
٦ - (آگ یا راکھ کو) تلے اوپر کرنا، الٹ پلٹ کرنا۔
کریدو انگیٹھی کا سینہ کریدو مری آگ پر راکھ سی جم رہی ہے
( ١٩٨١ء، ورق انتخاب، ١٧٥ )