اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - [ اقلیدس ] تین ضلعوں کی شکل، تین خطوط مستقیم سے گھری ہوئی سطح۔
"اسی زمانے میں مثلث شکل کا بربط بھی رائج تھا۔"
( ١٩٩٢ء، نگار، کراچی، جون ٧٠ )
٢ - وہ علم جس میں مثلث بنا کر سطح کی پیمائش کی جاتی ہے،خ زاویوں کی پیمائش کا علم۔
"ایک کتاب علم مثلث پر ہے جس میں مخروطات بھی شامل ہیں۔"
( ١٩٤٠ء، تمہیدی خطبے، گارساں دتاسی (ترجمہ)، ١٥ )
٣ - [ عروض ] وہ نظم جس کے ہربند میں تین مصرعے ہوں اور بند اول کے تینوں مصرعوں کا ایک ہی قافیہ ہو، باقی بندوں میں دو مصرعے جداگانہ قافیے میں ہوں اور تیسرے مصرعے کا قافیہ بند اول کے مطابق ہو، تین تین مصرعوں کے بندوں پر مشتمل نظم۔
"بہت سے روشن اضافے کیے اور منفرد، مستزاد منفرد، مثلث، مستزاد مثلث. ہیئتی تجربات سے مراثی کی دایز کو آشنا کرایا۔"
( ١٩٩٠ء، اردو شاعری کا فنی ارتقا، ٢٠٨ )
٤ - وہ مثلث جس میں بند اول کے مابعد بندوں میں تیسرے مصرعے کا قافیہ بند اول کے مطابق ہونے کی پابندی نہ کی گئی ہو۔
"مثلث. پہلے بند کے تینوں مصرعوں میں "الف" قوافی ہے، دوسرے بند کے دو مصرعوں میں ب قوافی ہیں اور تیسرے یعنی آخری مصرعے میں بند اول کے مطابق "الف" قافیہ ہے. مگر قدما کی طبع رسا نے اس پر اکتفا نہیں کیا۔"
( ١٩٧٠ء، اردو شاعری میں جدیدیت کی روایت، ٥٨ )
٥ - علم و عروض کے ایک وزن کا نام جس میں تین رکن ہوتے ہیں۔ (نور اللغات؛ جامع اللغات)
٦ - مشک، صندل اور کافور سے مرکب کی ہوئی ایک خوشبو جس کے سرگوشہ قرص ہوتے ہیں۔ (فرہنگ آصفیہ)
٧ - ایک قسم کی شراب (یا مشروب) جو صاف کرنے کے بعد ایک تہائی رہ جاتی ہے، (فقہ) ایک نوع کی شراب یعنی شیرہ انگور جس کے دو حصے جوش دیتے وقت اڑ گئے ہوں اور تیسرا حصہ باقی رہ گیا ہو، شرب آتشہ، شراب جو پک کر ایک تہائی رہ گئی ہو۔
"اہل محل خوشی سے پھولے نہیں سماتے ہوں گے دور شراب صالحین و مثلث ہوگا۔"
( ١٩٦٢ء، نسیم میسوری (نوائے ادب، بمبی، جولائی ١٩٦٢، ٥١ )
٨ - [ علم تکسیر ] ایک قسم کا تعویذ یا نقش جس میں سہ در سہ نو خانے ہوتے ہیں۔
"یہ دونوں عدد ایسے ہیں کہ نہ مثلث پورے آسکتے ہیں اور نہ نقش مربع میں۔"
( ١٩٦٢ء، اورینٹل کالج میگزین، مئی، ٢٥ )
٩ - تین اشخاص کا گروپ۔
"نیلائے وطن کے ساتھ اپنے پیمان وفا کی سرگزشت انہوں نے ایسے انوکھے پُرتاثیر انداز میں بیان کی ہے کہ عاشق، معشوق اور رقیب کی روایتی مثلث نئے معانی سے تھرتھرانے لگی ہے۔"
( ١٩٨٨ء، فیض شاعری اور سیاست، ٧٦ )
١٠ - [ عربی موسیقی ] چار تاروں والے ستار میں تیسرے تار کا نام (پہلے تار کو زیر، دوسرے کو مثنٰی اور چوتھے کو بم کہتے ہیں۔
"تیسرے تار کو مثلث کہتے ہیں جو رکن آب کے مشابہ ہے اور اس کا نغمہ پانی کی رطوبت و برودت کے مشابہ ہے۔"
( ١٩١٤ء، فن موسیقی مشمولہ ہندوستانی موسیقی،٧١ )