اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - وہ چھوٹی گھڑونچی جسے زمین پر رکھنے کے بجائے کسی چیز میں لٹکا دیتے ہیں۔
"لڑھکنے سے بچانے کے لیے گھڑے کو لٹکن میں رکھتے۔"
( ١٩٧٤ء، پھر نظر میں پھول مہکے، ٩٢ )
٢ - وہ زیور جو پہننے پر لٹکتا رہے، جیسے: بلاق، بندا، جھمکا، کرن پھول وغیرہ۔
"آویزہ، مرقع جھالر یا باڑھ کا لٹکا ہوا دانہ، مروا رید، زمّرد سبزہ وغیرہ لٹکن۔"
( ١٩٧٥ء، لغت کبیر، ١، ٨٤٤:٢ )
٣ - جھاڑ، فانوس، قلمیں، آویزے وغیرہ (فرہنگ آصفیہ، جامع اللغات، نور اللغات)
٤ - گھنٹے کا لنگر، پنڈولم، شاقول۔
"گلیلو نے جس لٹکن کے اصول کو دریافت کیا تھا اسکے آخری کاموں میں سے ایک یہ تھا کہ لٹکن کے اصول پر گھڑی کی تیاری کے لیے ایک سکیم مرتب کرے۔"
( ١٩٥٧ء، سائنس سب کے لیے (ترجمہ)، ٣٤٧:١ )
٥ - ہر لٹکتی جھولتی چیز جیسے: جھولا، رسیوں کی مدد سے بنایا جانے والا پنجرہ جس میں کوئی بھی چیز اتاری یا چڑھائی جاسکتی ہے۔
"لٹکن یہ دو طرح کی ہوتی ہے ایک میں بند پیپے اتارے جاتے ہیں اور دوسری میں کھلے منہ کے پیپے نیز اس میں آدمی بھی اتارا چڑھایا جاسکتا ہے۔"
( ١٩٢٦ء، طلیعہ، ٣٤ )
٦ - ایک بیل جس سے زرد رنگ نکلتا ہے۔
"ارناٹو کا رنگ اوس گودے سے نکلتا ہے جو لٹکن کے بیجوں کے اطراف لپٹا رہتا ہے۔"
( ١٩٠٧ء، مصرف جنگلات، ٢٧٥ )
٧ - ہائے ہوز کے نیچے لگایا جانے والا شوشہ۔
"ہمّت شوشے کے نیچے ایک اور شوشہ بنایا جائے گا جسے لٹکن بھی کہتے ہیں۔"
( ١٩٨٧ء، اردو رسم الخط اور ٹائپ، ١٦١ )
٨ - گھولوا، مزدور کے پکڑنے کا سہارا جو رسّی کا بنا ہوا چھت یا کسی دوسری چیز کے ساتھ لٹکا رہتا ہے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 191:4)
٩ - ایک روئیدگی جس کے پتے رتن جوت کے پتوں کی طرح ہوتے ہیں اس کی اکثر شاخیں سرخ ہوتی ہیں ان شاخوں کے سروں پر چھوٹے چھوٹے طرّوں کی طرح پھول لگتے ہیں چونکہ لٹکن ہندی میں کنگنے یعغنی اس طرے کو کہتے ہیں جو بیاہ میں دولھا اور دلہن کے ہاتھوں میں باندھا جاتا ہے اس لئے اس کو لٹکن بھی کہنے لگے کیونکہ اس کے پھول کا طرّہ بھی کنگنے کی طرح ہوتا ہے۔ (ماخوذ: خزائن الادویہ، 144:6)
١٠ - [ کشتی ] کشتی کا ایک داؤ۔
سر موڑہا ہاتھی سونڈ، کمر توڑا، زن طلاق لٹکن ہے کلسری ہے ہزارا ہے درشمار
( ١٨٥٩ء، رسالہ کشتی، سست، (سلہٹ میں اردو) ٥١ )
١١ - طرز، ادا، لٹک، آن بان۔
"لٹکن سے ہیں جنگ پہ جاتے۔"
( ١٨٨٠ء، سانحہ دل گیر (رونق کے ڈرامے) ٥، ٥١:١ )
١٢ - ایک پرند جو پنجوں سے الٹا لٹکتا ہے؛ تھاہ لینے کا لنگر۔ (جامع اللغات)