اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - چھوٹا تَخْتہ۔
"چھت کا ہر ٹکڑا نو نو سلوں سے بنایا ہے جس میں چار مستطیل نما چار زاویہ دار اور ایک وسطی تختی ہے۔"
( ١٩٣٢ء، اسلامی فن تعمیر، ٢٣ )
٢ - لوح پٹی تختۂ مشق۔
'تختی پر لکھنے کی مشق کرائی جاتی ہے۔"
( ١٩٣٥ء، چند ہم عصر، ١٦٦ )
٣ - کسی چیز کا مستطیل یا مربع ٹکڑا۔
'ہاتھی دانت کی تختی پر وہ تصویر ہے۔"
( ١٨٦١ء، نادر خطوط غالب، ٤٢ )
٤ - تانبے، چاندی، یشب اور ہاتھی دانت وغیرہ پر لکھی ہوئی دعا یا عبارت، نقش یا تعویذ وغیرہ۔
'ملکہ نے پوچھا یہ تختیاں کیسی ہیں، نے نواز نے کہا ملکہ ان کو نہ چھوؤ۔"
( ١٩٠٠ء، طلسم نوخیز جمشیدی، ٥٦٣:٣ )
٥ - ہیکل یا تعویذ میں لگے ہوئے زمرد الماس وغیرہ کے ٹکڑے، لخت (دل وغیرہ کے)۔
چاند سورج ہیں تختیوں سے خجل کون سے نور کی یہ ہیکل ہے
( ١٨٦٦ء، دیوان ہزبز، ١١٧ )
٦ - سینہ۔
تختی تیری اگر بھلی ہے تو سانچے میں چھب مری ڈھلی ہے
( ١٨٣٥ء، رنگین (فرہنگ آصفیہ) )
٧ - [ عوام ] حروف تہجی کی ترتیب سے مختلف اجزا کی حرف وار ترتیب سے مختلف اجزا کی حرف وار ترتیب یا مجموعہ، مفرد اور مرکب حروف کی مشق۔
"غرض آخر تقطیع تک اسی طرح سب تختیاں پڑھانے کے ساتھ ان کے قلم سے بھی لکھواتے جائیں۔"
( ١٨٦٤ء، نصیحت کا کرن پھول، ٥١ )
٨ - چھب، جسم کی وضع، انداز، جامہ زیبی۔
بانکی پگڑی بندھیں تختی سنواریں بگانی عورتوں سے دید ماریں
( ١٨٥٢ء، قصہ قاضی و چور، ٩٦ )
٩ - [ کبوتر بازی ] کبوتر کی چھاتی۔ (جامع اللغات)
١٠ - لوح جس پر کچھ لکھ کر مزار یا کسی اورجگہ لگاتے ہیں۔ (جامع اللغات)
١١ - [ اصطلاحا ] وہ نشان جو عورت کی قبر پر لگایا جاتا ہے۔
'مجھے گمان تھا کہ کتبے کے بغیر مرد عورت کی قبر کا امتیاز کرنا مشکل ہے مگر پرانی قبروں میں یہ امتیاز دیکھنے میں آیا کہ عورت کی قبر پر تختی بنی ہوتی ہے اور مرد کی قبر پر قلمدان کی شکل۔"
( ١٩١٠ء، مقامات ناصری، ٤٧٥ )
١٢ - [ طباعت ] حروف سے لفظ اور پھر جملہ و عبارت ترتیب دے کر ٹائپ یا لکھائی کا ایک فرمہ تیار کرنا جو ایک صفحہ یا اس سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
'مرکب حروف کی تختیاں بنانے کے مصارف وہی ہوتے ہیں خواہ کتابیں ایک ہزار طبع کی جائیں یا پچاس ہزار۔"
( ١٩٣٧ء، اصول معاشیات، ٢٧١:١ )