اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - گرداب، دریا کا وہ مقام جہاں پانی ایک دائرے میں گردش کرتا ہے۔
یہ چاہت کی چاندی امنگوں کا زر نگاہوں کی قوس قزح آنسوؤں کے بھنور
( ١٩٨٠ء، شام کا پہلا تارا، ١٢٢ )
٢ - بھونْرا۔
نین دیول میں پتلی یوہے یا کعبے میں ہے اسود ہرن کا ہے یونافہ یا کنول بھیتر بھنور دستا
( ١٧٠٧ء، ولی، کلیات، ٥٠ )
٣ - [ مجازا ] گردش قسمت یا فلک؛ گردش دوران، گھمیری، چکر۔
"صرف ایک بھنور ہے جس سے وہ خود کو آزاد نہ کر سکے"
( ١٩٠٣ء، سرشار، فسانۂ آزاد، ١٨٥:٤ )
٤ - [ مجازا ] وہ گڑھا جو گالوں میں یا تھوڑی میں پڑے، چاہ غنغب یا چاہ ذقن۔
دو طفل خوب رو تھے دو جانب چنور لئے تھے ٹھوڑیوں میں جن کی غبغب کے بھنور پڑے
( ١٩٥٨ء، تارپیراہن، ٢٤٢ )
٥ - تکمیل شادی کی ایک رسم۔ (ہندی اردو لغت، 131)
٦ - بیل، بیل کی طرح چڑھنے والا پودا۔ (پلیٹس)