آنت

( آنْت )
{ آنْت (ن مغنونہ) }
( سنسکرت )

تفصیلات


انتر  آنْت

سنسکرت میں اصل لفظ 'انتر' ہے اس سے ماخوذ اردو میں آنت مستعمل ہے۔ سب سے پہلے ١٧٦٩ء میں قلمی نسخہ "آخر گشت" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
جمع   : آنْتیں [آں + تیں (یائے مجہول)]
جمع غیر ندائی   : آنْتوں [آں + توں (واؤ مجہول)]
١ - پیٹ کے اندر لمبا نلکی کی قسم کا ایک نرم عضو جس میں غذا کا فضلہ جمع ہوتا ہے۔
"سب سے پہلے مریض کی آنتوں کی حالت دیکھیں۔"      ( ١٩٣٦ء، شرح اسباب (ترجمہ)، ٢٧٤:٢ )
  • اَنْتَڑِی
  • آنْدَرْ
  • اَوْجھ
١ - آنت کا بل کھلنا
کئی فاقوں کے بعد پیٹ میں غذا جانا (عموماً جمع مستعمل)۔'جب کوئی بھوکا خوب ڈٹ کر کھانا کھاتا ہے تو مذاقاً کہتے ہیں کہ آج خوب آنتوں کے بل کھل رہے ہیں۔"      ( ١٨٩١ء، امیراللغات، ١٨٥:١ )
٢ - آنت کا بل کھولنا
آنتوں کا بل کھلنا کا تعدیہ ہے، فاقہ کشی کے بعد یٹ بھر کے کھانا کھانا۔ (نوراللغات، ١٤:١)
٣ - آنت میں بل پڑنا
زیادہ ہنسی کے مارے پیٹ میں شکنیں پڑنا، آنتوں کا دکھنے لگنا۔'مارے ہنسی کے آنتوں میں بل پڑ گئے۔"      ( ١٨٨٦ء، مخزن المحاورات، ٤٢ )
٤ - آنتیں الٹ جانا
بہت ابکائیاں آنے سے جی تلے اوپر ہونا، آنتوں کا الٹ پلٹ ہونا۔'ابکائیوں سے پیٹ کی آنتیں الٹی جاتی ہیں۔"      ( ١٨٧٧ء، طلسم گوہر بار، ٧٢ )
٥ - آنتیں ٹوٹنا
بھوک کا زور ہونا، نہایت بھوگ لگنا۔ (مخزن المحاورات، ٤١)
٦ - آنتیں سمیٹنا
بھوک کی برداشت رہنا، کرنا، ہونا۔'رات بھر آنتیں سمیٹے پڑا رہا۔"      ( ١٨٩٥ء، فرہنگ آصفیہ، ٢٤١:١ )
٧ - آنت اترنا | بڑھنا
پیٹ کی ایک آنت کا جھلی توڑ کر نیچے لٹک جانا (گاہے فوطوں کے اندر)، ہرنیا۔'فتق وہ مرض ہے جس میں بعض آنتیں یا غلیظ ریاح مجریٰ . کے کشادہ ہو جانے کے باعث خصیوں کی تھیلی کی طرف اتر آتی ہیں۔"      ( ١٩٥٧ء، قانوبچہ، ١٣٤ )
٨ - آنت بولنا
بادی کی وجہ سے آنتوں میں قراقر ہونا۔'آنت بولنا؛ شکم اسپ سے آواز نکلتی ہے۔"      ( ١٨٧٢ء، رسالہ سالوتر، ١٥٦:٢ )
٩ - آنت بھاری ہونا
پیٹ میں کچھ کسر ہونا، بدہضمی ہونا۔ (ماخوذ مخزن المحاورات، ١٤)
١٠ - آنت ٹوٹنا
زیادتی کے ساتھ قے آنے سے آنتوں کا دکھنے لگنا۔ (ماخوذ : مہذب اللغات، ٩١:٢)
١١ - آنتیں سوکھنا
فاقوں سے آنتوں کا خشک ہونے لگنا، بھوکوں مرنا۔ (امیراللغات، ١٨٥:١؛ نوراللغات، ١٤:١)
١٢ - آنتیں قل ہو اللہ (پڑھتی ہیں | پڑھ رہی ہیں | پڑھنے لگیں)
بہت بھوک لگی، بھوک کی شدت میں اللہ یاد آنے لگا۔'سب ہنس پڑے اور سمجھ گئے کہ اس کی آنتیں قل ہو اللہ پڑھ رہی ہیں۔"      ( ١٩٤٠ء، اردو گلستان، ٩٧ )
١٣ - آنتیں گلے (میں) (آنا | پڑنا)
بلا یا مصیبت میں پھنسنا، پریشانی میں مبتلا ہونا۔'بیااہ کرتے تو کر لیا پر اب آنتیں گلے آ رہی ہیں؛ اس کام کو کرتے تو ہو کہیں آنتیں گلے میں نہ پڑ جائیں۔"      ( ١٨٩٥ء، فرہنگ آصفیہ، ١٢٩:١ )
١٤ - آنتیں منہ کو آنا
گھبرانا، بیتاب و بے قرار ہونا۔'جب اس کو ہوش آیا تو ڈر کے مارے اس کی آنتیں منہ کو آنے لگیں۔"      ( ١٩٤١ء، الف لیلہ و لیلہ، ١٢٩:٢ )
  • Entrails
  • intestines
  • guts;  viscera
  • tripe