فعل متعدی
١ - بیدار کرنا، نیند سے اٹھانا۔
"اقبال نے گھر میں جا کر کمال بھائی کو جگایا۔"
( ١٩٥٦ء، شیخ نیازی، ٨٦ )
٢ - ہوشیار کرنا، خبر دار کرنا۔
دلوں میں درد ہے جن کے انہیں رلاؤں میں بہت دنوں سے ہیں سوئے ہوئے جگاؤں میں
( ١٩٢٣ء، فروغ ہستی، ٤٣ )
٣ - روشن کرنا، جلانا جیسے: دیا جگانا۔ (نوراللغات)
٤ - پھیکے حروف یا ہلکی لکیر کو روشن کرنا۔ (نوراللغات)
٥ - خواب سے باز رکھنا۔
سخت بیدرد ہے تاثیر محبت کہ انہیں بستر ناز پہ سوتے سے جگا رکھا ہے
( ١٩١٢ء، کلیات حسرت موہانی، ٣٠ )
٦ - رواج دینا، ازسر نو تازہ کرنا۔
"دوسری طرف صریر قلم نے مصر و یونان کے خفتہ علوم و فنون کو جگا دیا تھا۔"
( ١٩٠٤ء، مقالات شبلی، ٢٤٠:١ )
٧ - ترقی دینا، آگے بڑھانا، چمکانا۔
"بنگلور میں ہماری شاخ موجود ہے، اسے جگایا اور اس کے کتب خانے کے لیے ایک عمارت تجویز کی۔"
( ١٩٣٧ء، مکتوبات عبدالحق، ١٣٠ )
٨ - جادو کو زور دار اور موثر بنایا اور قابو میں لانا، منتر سدھ کرنا۔
"ان منتروں کو جگا کر تم اپنی زندگی میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔"
( ١٩٢٢ء، گوشۂ عافیت، ٣٩٢:١ )
٩ - روز حشر خواب عدم سے جاگنا۔
گر جانتے جگائے گی برخیز حشر کی احساں نہ لیتے راحت خواب مزار کا
( ١٨٦٥ء، نسیم دہلوی، دیوان، ٤٨ )