اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - بیٹھنے کا انداز، جسم کا وہ حصہ جس پر پورا جسم بیٹھنے کے وقت ٹکتا ہے، آمن۔
"دم کے قریب موٹی سخت کھال کے بڑے بڑے ڈھنے ہوتے ہیں یہی ان بندروں کی بٹھکیں ہیں۔"
( ١٩٣٣ء، عالم حیوانی، ٥٨٠ )
٢ - بیٹھنے کی جگہ، نشست گاہ۔
"چابک سواروں اور گھوڑے کے دلالوں کی ایک بیٹھک بھی ہے۔"
( ١٩١٥ء، مقامات ناصری، ٥٢٣ )
٣ - مردانہ کمرہ یا مکان کا وہ حصہ جو مردوں کی نشست کیلئے مخصوص ہو۔
"تیسرے پہر اٹھے ہی تھے کہ میر صاحب نے آواز دی،خ بیٹھک میں پہنچیے۔"
( ١٩٥٤ء، پیر نابالغ، ٣٦ )
٤ - وہ ظرف جسے میز یا تپاءی یا طاق وغیرہ پر رکھ کر اس کے اوپر کوئی چیز نصب کی جائے (جیسے پھول یا اگر وغیرہ رکھنے کے ظرف کا پیندا یا تلا)، اڈا، ٹکاری، اسٹینڈ۔
"آلہ کی بیٹھک کو چناءی میں ٤ انچ گہرا نصب کرنا چاہئے۔"
( ١٩٤٩ء، آبپاشی، ٦٧ )
٥ - ایک ورزش کا نام جس میں مقرر طریقے کے مطابق باربار اٹھ کر بیٹھتے ہیں۔
"مشائخ عظام مریدوں کی تربیت میں .بجائے ایک جگہ بیٹھ کر گھنٹوں وظیفہ پڑھنے کے ڈڑھ بیٹھک کرنی، دوڑ گانی وغیرہ داخل کریں۔"
( ١٩٢٣ء، احیائے ملت، ٥٨ )
٦ - بیٹھنا، اٹھنا، نشست و برخاست۔
"ممکن نہ تھا کہ ان کی جہاں سے جس وقت بیٹھک ہو وہاں نہ جائیں۔"
( ١٩٤٧ء، مضامین فرحت، ٢٢٤:٤ )
٧ - ایک قسم کی نذر اور حاضرات( جس کی یہ صورت ہوتی تھی کہ عورت، پیر، جمعرات کو غسل کرکے سرخ کپڑے پہنتی، عطر لگاتی پھولوں کے ہار گلے میں ڈالتی، سفید فرش پر بیٹھتی اور بال کھول کر سرکو اس طرح ہلاتی تھی کہ جس طرح چکی پیسنے میں ہلتا ہے، اسے کہا جاتا تھا کہ عورت کھیل رہی ہے ، خیال کیا جاتا تھا کہ اس عورت پر اس کے مانے ہوئے ولیوں (زین خان، شیخ سدو) یا پریوں میں سے کسی کی سواری آتی ہے یا پاس پڑوس کی عورتیں اس کے پاس آ کر جمع ہو جاتی اور اپنی فرادیں پیش کرتیں، وہ عورت جس پر سواری آتی، سائلہ کے خیال کے موافق جواب دتی جاتی تھی، سائلہ اپنے حسن ظن سے اسے سچ جان کر نذر و نیاز کا خرچ اٹھاتی تھی۔دریائے لطافت، (99، فرہنگ آصفیہ، 461:1)
"اسے کچھ بھی خیال ہے۔ ابھی کوئی بیٹھک دے تو معلوم ہو جائے کہ ماموں اللہ بخش ہیں، میاں زین خاں ہیں یا کوءی پلید ہے۔"
( ١٩١٠ء، راحت زمانی، ٢٠ )
٨ - [ مینا کاری ] زیور میں بنایا ہوا نگینے کا گھر (اصطلاحات پیشہ وراں، 70:4)
٩ - [ سواری ] کاٹھی کا بیچ کا حصہ جہاں گھڑ سوار بیٹھتا ہے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں 39:5)
١٠ - [ کاشتکاری ] چُنگی وصول کرنے کی چوکی، چنگی کے کار ندے کے بیٹھنے کی جگہ، چنگی خانہ، (اصطلاحات پیشہ وراں 26:6)
١١ - [ ٹھگی ] مسافر کی گھات میں اس لوٹنے کی غرض سے چھپ کر بیھٹنے کی جگہ۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 174:8)
١٢ - خوشنویسی کے قواعد کے مطاب کاتب کے حرفوں کی نشست (دائرے نقطے اور کشش وغیرہ کا متناسب توازن)۔
"نستعلیق کی نزاکتوں . اور بعض حرفوں کی بیٹھک کی وجہ سے آج تک حسب دلخواہ مکمل نہیں ہوا۔"
( ١٩٥٧ء، اردو رسم الخط اور طباعت، ٢٨ )
١٣ - [ کشتی ] حریف کے لنگوٹ کو ایک ہاتھ سے پکڑ کر دوسرے ہاتھ سے دونوں ٹانگوں کے بل اس کو اٹھالینے کا عمل (اصطلاحات پیشہ وراں، منیر، 45)