١ - جب اپنی اتار لی تو دوسرے کی اتارتے کیا لگتا ہے
بے حیا دوسرے کو ذلیل کرنے سے نہیں ہچکچاتا۔ (جامع اللغات)
٢ - جب دیکھو ڈھاک کے تین پات
ہمیشہ مفلس و نادار۔"وہ تو آپ ہی آپ سو پھوہڑوں کی پھوہڑ ہوگی، جب دیکھو ڈھاک کے تین پات۔"
( ١٩٠٩ء، گدڑی میں لعل، ٢٧ )
٣ - جب خدا دیتا ہے تو چھپر پھاڑ کر دیتا ہے
خدا بے وسیلہ رزق پہنچاتا ہے، ایسی نعمت مل جانا جسکے آثار یا وسائل ظاہر نہ ہوں۔"وہ جو کہتے ہیں ہلدی لگی نہ پھٹکری وہ یہی موقعچ ہے، جب خدا کو دینا ہوتا ہے تو اسی طرح چھپر پھاڑ کر دیا کرتا ہے۔"
( ١٩١٠ء، راحت زمانی، ٧١ )
٤ - جب خدا دینے پہ آتا ہے تو یہ نہیں پوچھتا کہ تو کون ہے
خدا کی بخشش کمینے اور شریف پر برابر ہوتی ہے۔ (جامع اللغات)
٥ - جب تک سانس تب تک آس (باقی | باقی ہے)
انسان کبھی مایوس نہیں ہوتا۔ یہ ظاہر ہے کہ جب تک سانس تب تک آس باقی ہے بسا اوقات صحت پاتے ہیں برسوں کے آزاری
( ١٩١٥ء، نقوش مانی، ١٨ )