اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - لفظاً کسی ایک کا دوسرے میں دخل دینا، کسی بات میں دوسری بات کا شامل ہو جانا، مداخلت، داخلہ۔
"ان کا موقف یہ ہے کہ جو عناصر بھی بیرون یمن سے یمن میں گھس آئے ہیں وہ یمن سے نکل جائیں اور یمن کی رعایا بغیر کسی بیرونی تداخل کے آزادانہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے۔"
( ١٩٧١ء، تحدیث نعمت، ٦٩٣ )
٢ - [ فقہ ] ظہر کے آخر وقت میں ظہر اور عصر کی دونوں فرض نمازیں یکے بعد دیگرے ادا کرنا۔
"یہ آخر وقت ظہر بقدر چار رکعت ظہر و عصر دونوں کے ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے. اس کو اصطلاح فقہا میں تداخل کہتے ہیں۔"
( ١٨٩٦ء، تحفتہ السعادت (رسالہ)، ٤ )
٣ - [ سائنس ] نور کا تصور موج (interference) کا نظریہ جس میں ایک چیز کی ذات دوسری چیز کی ذات سے ملتی ہے۔
"ان دونوں کی طرح منعکس شعاعوں کے درمیان تداخل کا عمل واقع ہوتا ہے۔"
( ١٩٦٦ء، حرارت، ٩٧ )
٤ - [ ریاضی ] ایسے دو چھوٹے بڑے عددوں کو جن میں بڑا چھوٹے پر پورا پورا تقسیم ہو جاوے متداخلین کہتے ہیں اور ان کی نسبت کو تداخل، جیسے: 3، 6۔
کم عدد زائد کو گنتا ہو اگر نام اس کا ہے تداخل معتبر
( ١٨٩١ء، کنزالآخرۃ، ١٥٧ )
٥ - [ طب ] وہ بدہظمی جو مختلف چیزوں کے اوپر تلے کھانے سے ہو جاتی ہے؛ ایک غذا کے ہضم ہوئے بغیر دوسری غذا کھانے کا عمل۔
"اس لیے درحقیقت یہ تداخل کا موسم تھا جس میں مرض کے پیدا ہونے سے پیشتر پرہیز کی ضرورت تھی۔"
( ١٩٣٥ء، سیرۃ النبیۖ، ٢٩٣:٥ )
٦ - [ تاریخ ] کسی زمانے مدت مذہب یا تہذیب کا دوسرے زمانے مدت مذہب یا تہذیب سے ابتدائی ملاپ یا ٹکراؤ۔
"یہ گویا تغیر اور تداخل کا زمانہ تھا یا کسی آنے والی چیز کی طیاری کا۔"
( ١٩٥٧ء، مقدمہ تاریخ سائنس، ١٣٣:١ )