١ - جاڑا کھانا
سردی کا اثر ہونا؛ ٹھنڈے موسم کا مزہ لینا، سردی سے لطف اندوز ہونا۔ جاڑا ان روزوں کا کھانا تو ذرا یاد کرو نئی غزلیں مری گا تو ذرا یاد کرو
( ١٩٥٧ء، سحر (شعلہ جوالہ، ٥٢١:٢ )
سردی کی تکلیف برداشت کرنا۔"کپڑا منگوا کر قطع کردوں گی، سی دوں گی، نہ دو گے تمہارے ہی بچے جاڑا کھائیں گے۔"
( ١٩١٦ء، اتالیق بی بی، ٤٠ )
٢ - جاڑا پڑنا
سردی ہونا، سخت سردی ہونا۔"جاڑا بہت پڑ رہا تھا. سردی بہت تھی پانی آیخورے میں میرے ہاتھ پر جم کر رہ گیا۔"
( ١٩٢٤ء، تذکرہ الاولیا، ١٦٧ )
٣ - جاڑا چڑھنا
سردی چڑھنا، سردی سے کانپنا، سردی کے ساتھ بخار آنا۔"چھٹی نہا کر اٹھی کہ یکایک جاڑا چڑھا، بخار آیا۔"
( ١٨٧٧ء، توبۃ النصوح، ٧٥ )
[ تعلیمات ] کانپنا، خوف زدہ ہونا، ڈرنا۔"مخالف کے خوف سے جاڑا چڑھا آتا ہے، زندگی بلائے جان معلوم ہوتی ہے۔"
( ١٩٠٥ء، یادگار دہلی، ٢٣ )
٤ - جاڑا چھوٹنا
سردی دور ہونا، ٹھنڈ جاتی رہنا۔"بندر بالو کو اکٹھا کر کے اس میں اگن کی بھاءونا کرتے ہیں اور تاپتے ہیں تو ان کا جاڑا اس سے چھوٹ جاتا ہے۔"
( ١٨٩٠ء، جوگ یششٹھ (ترجمہ)، ١٨٩:١ )