اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - باریک سفید جھلی نما یا تاروں کا جال جو مکڑی لعاب دہن سے بناتی یا تنتی ہے۔
"مکڑی کا جالا . پھوڑے پر چپکا دینے سے اس کو خشک کرتا ہے۔"
( ١٩٢٦ء، خزائن الادویہ، ٣٠٤:٦ )
٢ - وہ باریک جھلی نما جال جو دھوئیں کے سبب خصوصاً باورچی خانوں اور گھروں میں ہو جاتا ہے، غشاء۔
تھے شعلہ باریوں سے رسالے جلے ہوئے زرہیں تھیں وہ تنوں پہ کہ جالے جلے ہوئے
( ١٨٧٤ء، مراثی فارغ، ١٣٦:٢ )
٣ - [ طب ] آنکھ کی سیاہ پتلی پر چھا جانے والا سفید ہلکا پردہ یا جھلی جو آنکھوں کی ایک بیماری ہے۔
"آنکھ میں یہ دیکھنا چاہیے کہ اس میں قوی جالا ہی ہے اور کوئی دوسرا مرض نہیں ہے۔"
( ١٩٤٧ء، جراحیات زاہراوی، ٥٧ )
٤ - [ قدیم ] جال، پھندا۔
بلا ہو شکاری لگ اوس کے دنبال پکڑ لائے ہر حال جالے میں گھال
( ١٧٣٩ء، طوطی نامہ، غواصی، ١٣٤ )
٥ - جال جس میں گھاس ترکاری وغیرہ باندھتے ہیں۔
"ایک وسیع جالے کے ذریعہ سے مندہ کا مقام شب بھر کھیت میں رکھا جاتا ہے۔"
( ١٩٠١ء، ترکاری کی کاشت، ١١ )
٦ - میل کا لچھا یا پردہ جو زیادہ دن رکھے ہوئے عرق یا شربت میں پیدا ہو جائے (یہ اس کے پرانے پن کی علامت ہوتی ہے)۔
"جب تک دوا کی بو اور مزہ آئے پوری طاقت ہے . اور جب جالا دکھائی دے تو بیکار اور مضر ہے۔"
( ١٩٥١ء، یونانی دواسازی، ٩٧ )
٧ - پھپھوندی کا جال جو آٹے اچار یا کھانے وغیرہ پر آ جائے۔ (پلیٹس)
٨ - جالی جیسے کالا موتیوں کا جالا۔ (فرہنگ آصفیہ)
٩ - آؤں، گھوڑے کی ایک بیماری جس میں گھوڑے کو لید میں آؤں بہت آتی ہے۔
"جب کہ یہ آؤں زائد ہو جاتی ہے تب جالا بولی جاتی ہے۔"
( ١٨٧٢ء، رسالہ سالوتر، ٩٢:٢ )
١٠ - وہ چیز جس پر چھوٹے چھوٹے خانوں یا سوراخوں کا جال ہو؛ مشبک یا رنجیرہ بنی ہوئی چیز۔
زرہ اوساں بسریاں پر ہوا جوں میں پر جالا چڑے پونے سوں پرنے تیوں جھڑے ووں لے کو بکتر کوں
( ١٦٦٥ء، علی نامہ، ٩٣ )
١١ - مٹی کا بڑا گھڑا۔ (پلیٹس؛ جامع اللغات)
١٢ - ایک قسم کی آبی روئیدگی جو کھانڈ صاف کرنے کے کام آتی ہے۔ (پلیٹس؛ جامع اللغات)
١٣ - غشاء، زیرہ گل کا جال، وہ باریک جھلی جو اکثر چشم گل پر ہوتی ہے۔
رشک ہوتا چشم فتاں صنم کو دیکھ کر آنکھ میں اچھا ہوا نرگس کی جالا رہ گیا
( ١٨٩٣ء، معیار نظم، ٣٤ )