صفت ذاتی
١ - کھلا ہوا، پھولا ہوا، کھلی ہوئی چیز (پھول، کلی، وغیرہ)۔
ہنسا جب ناز سے میرا سمن اندام گلشن میں شگفتہ ہو گئے گل اور غنچے رہ گئے کھل کے
( ١٨٨٩ء، دیوانِ یاس، ١٧٠ )
٢ - جس کے جزو جدا جدا ہوں، پھٹا ہوا۔
"حسبِ ذیل چند طریقے ہیں جس سے زردان شگفتہ ہوتے یا پھٹتے ہیں۔"
( ١٩٦٢ء، مبادی نباتیات، عبدالرشید، ١٣٦ )
٣ - [ مجازا ] خوش، مسرور، تروتازہ، شاداب (پژمردہ کے مقابل)۔
"ایک خوشگوار لمحہ آیا جس کی وجہ سے ادیب صاحب کا موڈ بہت شگفتہ ہو گیا تھا۔"
( ١٩٨٣ء، ڈنگو، ١٠١ )
٤ - پُرکشش (تحریر، تقریر وغیرہ) جس سے طبعیت کو تفریح ہو، آسان اور خوش کن، دلچسپ۔
"وہ خود ایک سادہ اور شگفتہ تحریر کے مالک تھے۔"
( ١٩٨٠ء، محمد تقی میر، ١١ )
٥ - (کباب وغیرہ) زیادہ خستہ، بکھرا ہوا، جو بستہ نہ ہو۔
"ہر قسم کے کھانے کی تعریف کی مگر قیمے کی نسبت فرمایا کہ (کباب ذرا شگفتہ ہو گئے ہیں)۔
( ١٨٨٩ء، سیر کہسار، ٩٢:١ )
٦ - پھینٹنے سے پھُولا ہوا، ہلکا، پھوکا، پھین دار۔
"جس قدر بیسن پُھلکی کا زیادہ پھینٹا جاوے گا اوسی قدر سے شگفتہ ہو کر دہی پیئے گی ورنہ ٹھوس ہو گی۔"
( ١٩٣٠ء، جامع الفنون، ٧٠:٢ )