اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - لکڑی کی بنائی ہوئی نشست جو زین سے مشابہ لیکن اس سے قدرے بڑی ہوتی ہے اور سوار کے لیے اونٹ وغیرہ کی کمر پر کس دی جاتی ہے۔
مزدوروں سے اچھا بولو، کام کریں گے وہ دونا کاٹھی جتنی نرم رکھو گے، اتنا اونٹ سلونا
( ١٩٧٧ء، من کے تار، ١٢٢ )
٢ - لکڑی
"یہ لفظ دونوں زبانوں میں مشترک ہے مگر معنی مختلف ہیں سندھی میں کاٹھی لکڑی کو کہتے ہیں۔"
( ١٩٧٠ء، اردو سندھی کے لسانی روابط، ٣٢١ )
٣ - طول ناپنے کے لیے مخصوص لکڑی۔
"زمین ماپنے کے لیے . گجرات میں کاٹھی ٥ ہاتھ کی ہوتی ہے۔"
( ١٨٥٦ء، علم حساب، ١١٤ )
٤ - گھوڑے کی پشت پر چمڑے کا زین جس کے نیچے لکڑی ہوتی ہے۔
"گھوڑے کی کاٹھیاں اور ساز اور ہر قسم کا چرمی اور اونی سامان انہیں سے تیار ہوتا ہے۔"
( ١٩٥٤ء، حیوانات قرآنی، ١٩ )
٥ - تلوار کی نیام چوبی، لکڑی کی میان، میان، غلاف شمشیر۔
"تلوار کی بوسیدہ کاٹھی سے پیلا باہر کھینچے تو زنگ کے مارے ٹس سے مس نہ ہو۔"
( ١٩٣٥ء، اودھ پنچ، لکھنؤ، ٢٠، ٩:٣٣ )
٦ - جسامت، ہاڑ، جسم، قدو قامت، نیز قالب، ڈھانچا، پنجر۔
"ہاں پھرتی اور کس کا اچھا معلوم ہوتا ہے۔ کاٹھی کا ہلکا ہے۔"
( ١٩٨٦ء، جوالا مکھ، ٨٠ )
٧ - شکل، صورت (ماخوذ: جامع اللغات)
٨ - کسی شالی کپڑے کا تانا۔ (نوراللغات)
٩ - [ مہندسی ] گدی یا زین نما شے۔
"خراد مع کاٹھی اور رہنما پیچ، بدل پہیے، گل میخ اور ربع دائرہ تختی۔"
( ١٩٤٨ء، انجینیری کارخانے کی عملی چالیس سبق، ٣ )
١٠ - ایک قوم کا نام جو کاٹھیا واڑ (بھارت) میں واقع ہے۔
"کاٹھیا واڑ کے ملک میں جس قدر کاٹھی قوم کے ہندو آباد اور والیانِ ریاست ہیں، سب کی نسلی یونانی ہے۔"
( ١٩٢٤ء، روزنامچہ خواجہ حسن نظامی، ٣٠٦ )
١١ - [ ٹھگی ] راز جوئی، جاسوسی، بات چیت، باہمی مشورہ، جسم کا ڈھانچا۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 196:8)