لحاظ

( لِحاظ )
{ لِحاظ }
( عربی )

تفصیلات


لحظ  لِحاظ

عربی زبان میں ثلاثی مجرد کے باب سے مشتق اسم ہے۔ اردو میں عربی سے ماخوذ ہے اور بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ ١٧٩١ء کو "کلیات حسرت" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم کیفیت ( مذکر - واحد )
١ - (کوئی بات یا امر) نگاہ میں رکھنے کا عمل، خیال، دھیان، توجہ۔
"ذاتی طور پر مجھے آپ کے خیال سے اتفاق ہے مگر یہ باتیں بھی قابل لحاظ ہیں۔"      ( ١٩٠٦ء، تاریخ نثر اردو، ٦٠٢:١ )
٢ - پاسداری، رعایت، مروت، پاس ادب، حفظ مراتب۔
"مزمل اب بھی جلوت و خلوت میں ان سے لحاظ برتتا تھا۔"      ( ١٩٨١ء، چلتا مسافر، ١٥٩ )
٣ - شرم، حیا، غیرت، حمیت۔
 آئینے سے ان کو شرم آنے لگی وہ انوکھے ہیں انوکھا ہے لحاظ      ( ١٩٣٦ء، شعاع مہر، ناراپن پرشاد ورما، ٥٨ )
٤ - (کسی سے) پردہ، حجاب، شرم۔
"لحاظ . کے معنی شرم اور جھجھک کے ہیں اور ان معنوں میں یہ خالص اردو کا لفظ ہے۔"    ( ١٩٨٨ء، اردو، کراچی، جولائی تا ستمبر، ٧٤ )
٥ - جھجھک (دل کی بات کہنے میں)، رکاوٹ، تکلف وغیرہ (کسی کام کے کرنے میں)۔
 لحاظ ہو تو کنول کب دلوں کے کھلتے ہیں بس اس طرح سے ملو جیسے دوست ملتے ہیں    ( ١٩١٧ء، رشید (پیارے صاحب)، گلزار رشید، ٧٦ )
٦ - حیثیت، اعتبار (اکثر سے کے ساتھ)۔
"ایک لحاظ سے دیکھا جائے تو عشق ایک دیوانہ پن ہی تو ہے۔"      ( ١٩٨٨ء، غالب آشفتہ نوا، ٤٨ )
٧ - نگاہ کرنا، دیکھنا، توجہ، غور و فکر۔
"اس شعر کی بلاغت پر لحاظ کرو۔"      ( ١٩٠٧ء، شعرالعجم، ٩٩:٢ )
١ - لحاظ میں رکھنا
قابو میں رکھنا، روکنا۔"وہاں سے نکلنے کے بعد اپنی زبان کو لحاظ میں رکھا ہو گا۔"      ( ١٨٠٢ء، باغ و بہار، ٧ )
٢ - لحاظ کرنا
پاس کرنا، مروت سے پیش آنا۔"میں تو پھر بھی تمہارا لحاظ کر رہا ہوں۔"      ( ١٩٧٥ء، تماشا کہیں جسے، ٦٥ )
خیال رکھنا، دھیان رہنا۔"سب سے زیادہ اس کا لحاظ کرو اور سمجھو کہ دنیا کی کسی حالت کو قرار نہیں۔"      ( ١٩٠٨ء، صبح زندگی، ٢٢٩ )
شرم کرنا، حیا کرنا۔جہاں آرا جو پہلے ہی دل افروز کے آنے سے شرما گئی تھی، لطیفہ کی یہ باتیں سن کر اور بھی لحاظ کرنے لگی۔"      ( ١٨٦٨ء، رسوم ہند، ٢٧٢ )
پردہ کرنا، حجاب کرنا، منہ چھپانا۔(ماخوذ: فرہنگ آصفیہ، جامع اللغات)
دیکھنا، نگاہ کرنا، غور کرنا، توجہ کرنا۔"مختصر یہ ہے کہ مخلوقات خداوندی پر لحاظ کرنے سے عالم مادی اور غیر مادی کا فرق دریافت میں آ جاتا ہے۔"      ( ١٨٩٧ء، کاشف الحقاءق، ١٥:١٠ )
بچنا، اجتناب کرنا، پرہیز کرنا۔ چاہیے تجھ سے رہیں بندہ و آزاد ملول چاہیے تجھ سے کریں کافرو دیندار لحاظ      ( ١٨٦١ء، دیوان ناظم، ٩٣ )
  • attentive observation
  • attention
  • notice
  • look
  • glance;  regard
  • consideration
  • respect
  • sense;  shame;  respect
  • reference