جوڑنا

( جوڑْنا )
{ جوڑ (و مجہول) + نا }
( سنسکرت )

تفصیلات


جوٹیہ  جوڑْنا

سنسکرت کے اصل لفظ 'جوٹیہ' سے ماخوذ 'جوڑ' کے ساتھ 'نا' بطور لاحقۂ مصدر لگانے سے 'جوڑنا' اردو میں بطور فعل مستعمل ہے۔ ١٥٢٨ء کو "لازم المبتدی" میں مستعمل ملتا ہے۔

فعل متعدی
١ - کسی ٹوٹی ہوئی چیز یا دو چیزوں کو ملانا، وصل کرنا، پیوند لگانا۔
"قرابت کے جو رشتے منقطع ہو گئے ہوں ان کو پھر جوڑ کے مضبوط کرو۔"      ( ١٩١٩ء، جویائے حق، ٣١:٢ )
٢ - (دو بت وغیرہ) جمع کرنا، یس انداز کرنا۔
"وہ ایک ایک پیسہ جوڑ کے روپیہ کرتی ہے۔"    ( ١٩٠٨ء، صبح زندگی، ٢٨ )
٣ - بٹورنا، فراہم کرنا، حاصل کرنا۔
 مردار دنیا جوڑنے مانگے سو او جانوں گنہ    ( ١٦٣٥ء، تحفہ المومنین، ٨٥ )
٤ - [ ریاضی ]  میزان لگانا، جمع کا حساب لگانا۔
"صبح ہی پھر دفتر پہنچا ہر صحفہ کی میزان الگ الگ دے کر جوڑی پھر بھی وہی کمی آئی۔"      ( ١٩٤٧ء، فرحت مضامین، ١٢٠:٣ )
٥ - (قصہ کہانی یا بہتان وغیرہ طبیعت سے) گھڑنا، بنانا، ایجاد کرنا۔
"جو کچھ ویدوں میں نہیں ہے وہ بعد میں جوڑا گیا۔"    ( ١٩٤٣ء، مقالات گارساں دتاسی، ٣١٠:٢ )
٦ - شعر کہنا، تصنیف کرنا۔
"باپ نے اپنی بیٹی پر یہ شعر جوڑتے ہیں۔"    ( ١٨١٠ء، راحت زمانی، ١٤ )
٧ - دوستی یا ربط و ضبط قائم کرنا، رشتہ استوار کرنا، یاری لگانا۔
 عہد اخلاص توڑنے میں بھی ننگ رشتۂ شوق جوڑنے میں بھی عار      ( ١٩٢٣ء، سیف و سبو، ١٩٣ )
٨ - شامل کرنا، متعلق کرنا، نتھی کرنا۔
"مذکورہ بالا تعبیرات و مفہومات میں سے کسی خاص چیز کو الگ کر کے . کسی دوسرے مفہوم کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کرو گے . تو شاید تمہارے بس کی بات نہ ہو گی۔"      ( ١٩٥٦ء،مناظر احسن، عبقات، ٣٥٧ )
٩ - اکٹھا کرنا، گروہ بنانا، (لشکر کی) صف بندی کرنا۔
"القصہ عقل بادشاہ اپنا لشکر جوڑیا۔"      ( ١٦٣٥ء، سب رس، ١٧٢ )
١٠ - گاڑی یا ہل میں بیل یا گھوڑے وغیرہ کو جوتنا۔
"رتھوں اور بہلیوں میں بڑے بڑے خوبصورت بیل جوڑتے تھے۔"      ( ١٨٧٦ء، مقالات مولانا محمد حسین، آزاد، ٤٣٤:١ )
١١ - لگانا، جمانا۔
"پھلوں کو توڑنا، سلیقے کے ساتھ جوڑ کر بھیجنا . جیسی اصلاحیں ضروری معلوم ہوتی ہیں۔"    ( ١٩٤٠ء، معاشیات ہند (ترجمہ)، ٢٦٨:١ )
١٢ - درست کرنا۔
"ہر دم آپ کا نام لے رہا ہوں . ٹوٹے ہوئے سانس جوڑ رہا ہوں۔"    ( ١٩٤٠ء، ساغر محبت، ٦٢ )
١٣ - پر تولنا۔
 یوں جلد اس نگاہ نے کیا دل مرا شکار جس طرح باز گرتا ہے شہپر کو جوڑ کر      ( ١٩٢٧ء، شاد عظیم آبادی، میخانۂ الہام، ١٥٦ )
١٤ - [ ہندو ]  جلانا، روشن کرنا۔ (نوراللغات)۔
١٥ - سینا، ٹانکے لگانا، سازش کرنا، تدبیر کرنا، تجویز کرنا، تسلی دینا، حوصلہ دینا، دلدہی کرنا۔ (جامع اللغات)۔