بستہ

( بَسْتَہ )
{ بَس + تَہ }
( فارسی )

تفصیلات


بستن  بَسْت  بَسْتَہ

فارسی زبان میں مصدر 'بستن' سے مشتق صیغہ ماضی مطلق غائب 'بست' کے ساتھ 'ہ' بطور لاحقہ حالیہ تمام لگنے سے صیغہ حالیہ تمام 'بستہ' بنا۔ اردو میں فارسی سے ماخوذ ہے اور بطور اسم مستعمل ہے۔ ١٦٤٩ء میں "خاورنامہ" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
واحد غیر ندائی   : بَسْتے [بَس + تے]
جمع   : بَسْتے [بَس + تے]
جمع غیر ندائی   : بَسْتوں [بَس + توں (واؤ مجہول)]
١ - بغیر سلا یا سلا ہوا کپڑا یا تھیلا جس میں کاغذات یا کتابیں باندھتے ہیں، کاغذات یا کتابوں کا جزدان، فائل۔
'محسن تصویر کو بستے سے نکالتا ہے اور اسے دبیز کاغذوں کے درمیان باندھتا ہے۔"      ( ١٩٥٩ء، نقش آخر، ٦٢ )
٢ - جما ہوا، منجمد، سخت، رقیق کی ضد۔
'جامد اور بستہ چیز ہے تو اسے اور اس کے ماحول کو الگ کر کے پھینک دے۔"      ( ١٩٠٦ء، الحقوق و الفرائض، ١١٠:١ )
٣ - افسردہ، پژمردہ، منقبض، شگفتہ کی ضد۔
 صورت غنچۂ گل ہے دل بستہ میرا مجھ کو واشد کی طلب فکر پریشانی ہے      ( ١٨٤٦ء، آتش، کلیات، ١٦٥ )
٤ - رکا ہوا، تھما ہوا، جو جاری نہ ہو، رواں کی ضد۔
'یہ جانور صدفی ہے اکثر ہندوستان میں بستہ پانی میں پایا جاتا ہے۔"      ( ١٨٧٧ء، عجائب المخلوقات اردو، ٢١١ )
٥ - بندھا ہوا، جکڑا ہوا (رسی وغیرہ سے)۔
 خوشا وہ صید جو پھنس کر نہ دام میں تڑپا زہے شکار جیسے بستۂ کمند کیا      ( ١٩٢٧ء، شاد، میخانۂ الہام، ٥٩ )
٦ - متعین، مقرر، لگا بندھا۔
'شیر کی رقم معین اور بالعموم بستہ ہوتی ہے۔"      ( ١٩١٧ء، علم المعیشت، ٢٤١ )
٧ - [ مجازا ]  شاعر کا کل کلام جو اس کے جزودان یا فائل وغیرہ میں ہو۔
'آزاد مرحوم نے ان کے چاروں دیوان اٹھا استاد ذوق کے بستے میں باندھ دیئے۔"      ( ١٩٣٠ء، مضامین فرحت، ١٦٨:٢ )
٨ - گانٹھ، گٹھا، بنڈل۔
'عمر و تاجر لندن نے زید تاجر بمبئی پر ١٠ بستے روئی کی فرمایش کی۔"      ( ١٨٧٢ء، ایکٹ معاہدۂ ہند، ٧٩ )
٩ - جالی دار پٹ یا ٹٹی جو محراب کے دہن میں لگائی جاتی ہے۔
'بلند و بالا چوکھٹوں میں بھاری بھاری جوڑیاں اور بستے چڑھے ہوئے ہیں۔"      ( ١٩٠٦ء، 'خاتون' علی گڑھ، جنوری : ٣٤ )
١٠ - جو کسی سے متعلق اور وابستہ ہو، لگا ہوا، چسپاں۔
'کیوں کر یہاں سے جاؤں کہ بستۂ تقدیر ہوں۔"      ( ١٩٠١ء،الف لیلہ، سرشار، ٣٠ )
١١ - ناشگفتہ، سربستہ، بن کھلا۔
'(پتے) جو ابھی نشوونما پا رہے اور جو قریب قریب بستہ ہیں۔"      ( ١٩٣٨ء، عملی نباتیات، ٢ )
١٢ - [ مجازا ]  لاینحل، رکا ہوا، التوا میں پڑا ہوا۔
 نہ سفر سے تو کچھ ہوئی بہبود کاربستہ نے کچھ نہ پائی کشود      ( ١٨١٠ء، مثنوی ہشت گلزار، ٤ )
  • & Adj- bound
  • shut
  • closed
  • fastened
  • folded up;  frozen
  • congealed;  cloth in which anything is folded up
  • wrapper;  parcel
  • bundle (as of papers or books
  • bale