اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - چپت، دھول۔
"بچہ سقا کے کان مروڑ کے تین ٹیپیں رسید کیں"
( ١٩٢٩ء، 'اودھ پنچ، لکھنؤ، ١٤، ١٠:١١ )
٢ - اونچا سر، الاپ۔
"آج بھی عربی اور ایرانی دھنیس زیادہ اونچی ٹیپ پر گائی جاتی ہیں"
( ١٩٦١ء، ہماری موسیقی، ٣١ )
٣ - مسدس کی تیسری اور مثلث مخمس وغیرہ کی اخیر کی بیت، بند، گرہ۔
"اکبر نے ان میں سے دو لفظ، چندہ، اور "اسکول" انتخاب کرلیے ہیں اور انہیں ایک مخمس کی ٹیپ بنا ان سے خوب خوب کام لیے ہیں"
( ١٩٣٧ء، انشائے ماجد، ١٣١:٢ )
٤ - گردن میں پہننے کا زیور، سونے چاندی کا سادہ اور چڑاؤ زیور جو گلو بند سے مشابہ ہوتا ہے پھول پتیوں کی وضع کا بنایا جاتا ہے، گل چیپ۔ (اصطلاحات پیشہ وراں)
"گلے کے گہنے، توڑا، توڑا گجرا . ٹیپ، ہیکل"
( ١٩٠٥ء، رسوم دہلی، سید احمد، ٩١ )
٥ - فوج کا دستہ، کمپنی۔ (فرہنگ آصفیہ؛ نوراللغات؛ شبدساگر)
٦ - گنجفے میں جب حریف کا ایک پتا دو پتوں سے لیا جاتا ہے اسے بھی ٹیپ کہتے ہیں۔
اغیار سے جو کھیلئے گا آپ گنجفہ ہم ٹیپ لیں گے نوحہ حال تباہ سے
( ١٨٨١ء، منیر (نوراللغات) )
٧ - [ معماری ] استرکاری نہ کرنے کی صورت میں چنائی کے ردّوں یا پتھر کے فرش کی درزوں کو باریک چونے یا سیمنٹ سے بھر کر برابر کر دینا۔ ردّے کے جوڑوں کی درز بندی (جو کئی قسم کی ہوتی ہے مثلاً ڈنڈے دار ٹپپ، کٹواں ٹیپ، نسواں ٹیپ)۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 117)
"ٹیپوں اور پایوں پر سرخ و سفید اور سبز شیشے بڑی صفائی سے جڑے ہوئے ہیں"
( ١٩٤٦ء، شیرانی، مقالات، ١٦ )
٨ - زیب و زینت، آرائش، طمطراق۔
"تم اس کے دنیاوی ٹھاٹھ سے کچھ تعجب مت کرنا، یہ صرف دنیا ہی کی ٹیپ ہے"
( ١٨٦٩ء، مذاق العارفین، ٢٣٩:٢ )
٩ - تانے بانے کے ٹوٹے ہوئے تاروں کا جوڑ ملانا۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 161:2)
١٠ - کتاب وغیرہ کے پہلے صفحے پر چھوڑا ہوا سادہ حصّہ، بعض کاتب اس جگہ کچھ نقش و نگار بنا دیتے ہیں، پیشانی، لوح۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 220:4)
١١ - [ مصوری ] تصویر میں حسب موقع رنگ بھرنے کا عمل؛ عکسی تصویر میں ہلکے یا گہرے عکس کو صحیح کرنے کا عمل، دھبے صاف کرنے کا عمل، ٹچنگ، قلم کاری۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 169:4)
١٢ - [ مہاجنی ] ہاتھ ادھار رقم کی تحریری یادداشت جو رقم دینے والا اپنے روزنامچے میں لکھ دے اور جسے فصل کے وقت وصول کرے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 25:7)
١٣ - ساہوکار کا وہ تمسک جس میں اصل معہ سود کے عوض فصل پر اناج وغیرہ دینے کا اقرار لکھا جاتا ہے، تمسک، ضمانت۔ (فرہنگ آصفیہ؛ پلیٹس)
١٤ - دباؤ، داب۔ (پلیٹس؛ فرہنگ آصفیہ؛ شبد ساگر)
١٥ - ہاتھی کے جسم پر لیپ کرنے کی دوا؛ دودھ اور پانی کا شیرا جس سے چینی کا میل نکالتے ہیں؛ آواز، زور کی گونج۔ (شبد ساگر)