مفصل

( مُفَصَّل )
{ مُفَص + صَل }
( عربی )

تفصیلات


فصل  مُفَصَّل

عربی زبان میں ثلاثی مجرد کے باب سے مشتق اسم صفت ہے۔ اردو میں اصل معنی و ساخت کے ساتھ بطور صفت اسم اور متعلق فعل استعمال ہوتا ہے۔ ١٦٤٢ء کو"مشکوٰۃ شریف حاشیہ" کے حوالے سے شیخ محدث دہلوی کے ہاں مستعمل ملتا ہے۔

صفت ذاتی ( واحد )
١ - تفصیل و تشریح کے ساتھ بیان کیا ہوا، کھول کر بیان کیا گیا، واضح، غیر مبہم۔
"خدا کرے یہ تحریر چھپتے چھپتے وہ اس کی مفصل اور مکمل تردید کر چکے ہوں۔"      ( ٢٠٠٠ء، وفا کر چلے، ٧٩٧ )
٢ - [ مجازا ]  مکمل، پورا، تفصیلی۔
"مفصل ناشتے کے بعد ہم ہوٹل کے سبزہ زار میں نکل آئے۔"      ( ١٩٩٠ء، پاگل خانہ، ١٨١ )
٣ - جدا کیا گیا، تقسیم کیا ہوا، کسی دیوار یا اوٹ کے ذریعہ الگ کیا ہوا (جیسے ہار وغیرہ میں ہر دو موتیوں کے بعد ایک بڑا موتی، پرویا ہوتا ہے)، بہت، وافر، کثیر۔ (پلیٹس)۔
اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - تشریح، تفصیل، (جامع اللغات)
٢ - [ فقہ ]  فاصلہ رکھنے والے سورے، سورۃ حجرات سے آخر قرآن تک کے سورے کہ ان سورتوں کے درمیان بسم اللہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم، کا فاصلہ قریب قریب ہے، ان کی تین قسمیں ہیں طوال، اوساط اور قصار۔
"مفصل کی تین قسمیں ہیں ایک طوال، دوسری اوساط تیسری قصار۔"      ( ١٦٤٣ء، شیخ محدث دہلوی (ترجمہ)، مشکوٰۃ شریف (حاشیہ)، ٥٢٢:١ )
٣ - [ قواعد ]  تشبیہہ کی ایک قسم جس میں وجہ شبہ کا ذکر کیا گیا ہو جیسے: حامد شجاعت میں شیر کی مثل ہے۔
"تشبیہہ کی دوقسمیں ہیں مفصل اور مجمل۔"      ( ١٩٥٣ء، نسیم البلاغت، ٣٧ )
٤ - [ موسیقی ]  ایقاع (تال) کی ایک قسم جو ایسی ضروب پر مشتعمل ہے جن کے وقفے غیر مساوی ہیں (موصل کی ضد)۔
"الفارجی نے ابقاع کو مصول اور مفصل میں تقسیم کیا۔"      ( ١٩٦٧ء، اردو دائر معارف اسلامیہ، ٧١١:٣ )
٥ - گاؤں، قصبہ، دیہی علاقہ۔
"میرے عہدے میں بھی ترقی ہونے والی ہے اور میں مفصل میں تیل کی تجارت شروع کر رہا ہوں۔"    ( ١٩٥٦ء، آگ کا دریا، ٢١٥ )
٦ - ملک (قصبہ وغیرہ سے امتیاز کرنے کے لیے)۔ (پلیٹس)۔
متعلق فعل
١ - بالتفصیل، تفصیل وار، کھول کر، صاف صاف۔
"اس میں (نگار، (سالنامہ) ١٩٦٧) اردو شاعری کی جملہ اصناف پر مفصل مضامین شامل ہیں۔"      ( ١٩٩٤ء، ڈاکٹر فرمان فتحپوری، حیات و خدمات، ٦١٣ )