صفت ذاتی ( مذکر - واحد )
١ - جھوٹا، غیر حق، حقیقت کے خلاف، حق کی ضد۔
باطل سے دبنے والے اے آسماں نہیں ہم سوبار کر چکا ہے تو امتحاں ہمارا
( ١٩٠٨ء، بانگ درا، ١٧٢ )
٢ - بیکار، فاسد، بے اثر، بے نتیجہ، ضائع۔
امید رکھتی ہے سرگرم جستجو دل کی خدا دراز کرے عمر سعی باطل کی
( ١٩٥٠ء، ترانۂ وحشت، ٧١ )
٣ - رد، منسوخ۔
"ایک نبی پیدا ہوں گے جن کا دین دوسرے تمام ادیان کو باطل کرے گا۔"
( ١٩٤٧ء، فرحت اللہ بیگ، مضامین، ٢٧٥:٤ )
٤ - کالعدم، بالکل ختم۔
"بنومغیرہ کے سود خوار عرب میں مشہور تھے، فتح مکہ کے بعد حضور نے ان کی تمام سودی رقمیں باطل کر دیں۔"
( ١٩٦١ء، سود، مودودی، ١٥٧ )
٥ - پوچ، لغو، بیہودہ۔
محیط کل کے معنی ظاہری گر لیں تو باطل ہے حدوں سے ہے مبرا، حد کے اندر آ نہیں سکتا
( ١٩٢٧ء، شاد عظیم آبادی، میخانۂ الہام، ٢ )
٦ - نادرست، ناقابل قبول۔
کب اہل دول سے ہوئی معبود پرستی باطل ہے اگر سجدہ کریں تاج زری سے
( ١٨٣٦ء، ریاض البحر، ٢١٣ )
٧ - [ تصوف ] ماسوی اللہ تمام کائنات اور مخلوقات جو صوفیوں کے نزدیک معدوم ہیں۔ (مصباح التعرف لارباب التصوف، 55)