اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - کلاہ، سرکی پوشش۔
"نوجوان ایک بادامی ریشمی سوٹ پہنے ہوئے تھا سر پر ٹرکی ٹوپی تھی"
( ١٩٣٨ء، حرماں نصیب، ٨ )
٢ - پرانے طرز کی بندوق میں استعمال کرنے کا پٹاخا جسے بھری ہوئی بندوق کے نپل پر چڑھا دیا جاتا ہے اس کی تہ میں ٹکر سے آگ بھڑکنے والا مسالا جما دیا جاتا ہے جو بندوق کے گھوڑے کی ضرب سے بھڑک کر بارود میں آگ لگا دیتا ہے یہی ٹوپی کارتوس کے پیندے میں بھی اسی غرض سے لگائی جاتی ہے (اصطلاحات پیشہ وراں)
"کارتوس تو وہ بھی اچھے بناتے ہیں مگر ان کی ٹوپی نہیں بدلی جا سکتی"
( ١٩٣٢ء، قطب یار جنگ، شکار، ٥٤ )
٣ - کپڑے وغیرہ کا وہ خول جو شکاری پرندوں کے منہ پر چڑھا دیتے ہیں۔
وہ بدگمان ہوں کہ خط دے کے بندکیں آنکھیں پنہائی باز کی ٹوپی سر کبوتر پر
( ١٨٥٣ء، دفتر فصاحت، ٨٧ )
٤ - سرذکر، حشفہ۔ (جامع اللغات)
٥ - کسی پھول وغیرہ کے اوپر کا خول۔
"بھلاواہ کی ٹوپیاں تمام دور کر کے ہانڈی میں ڈالیں"
( کلید عطاری، ١٣٠ )
٦ - بھنڈی کے اوپر کا حصہ جو پکاتے وقت کاٹ دیا جاتا ہے۔
"آسیہ بھنڈیوں سے اتاری ہوئی ٹوپیاں لے آتی اور ان سے اپنی ہانڈی پکاتی"
( ١٩٧٦ء، سالنامہ، نقوش، جنوری، ١٥٧ )
٧ - [ نباتیات ] ککرمتے کے اوپر کا حصہ جو گول چھتری نما ہوتا ہے اور ایک ڈنڈی کی چوٹی پر واقع ہوتا ہے۔
"اس کا ایک جسم، گول، چھتری نما سر ہوتا ہے، جس کو ٹوپی (Pilevs) کہتے ہیں یہ ایک ڈنڈی (ڈنٹھل Stipe) کی چوٹی پر واقع ہوتا ہے"
( ١٩٤٣ء، مبادی نباتیات، ٨١٧:٢ )
٨ - مائع پیما آلہ کے نچلے سرے پر چھوٹی وزن دار پیالی یا ٹوپی جس کو اس قدر بوجھل بنایا جاتا ہے کہ تیرتے وقت آلہ کا توازن قائم رہتا ہے۔ (ماخوذ: سکون سیالات، 160)
٩ - چوب کے سرے میں ڈالا جانے والا خیمے کا وسطی سوراخ جس کے گرد مضبوطی کے لیے چمڑے کی گوٹ سلی ہوتی ہے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 6:1)
١٠ - کیل یا آلپین وغیرہ کے اوپر کا حصہ۔
"تیسرا اس کے ٹکڑے کرتا ہے ان ٹکڑوں کے سرے بناتا ہے پانچواں ان ٹکڑوں کے سروں کو اس لیے ریت سے درست کرتا ہے کہ ان پر ٹوپی بٹھائی جائے"
( ١٨٦٨ء، رسالہ سیاست مدن، ١٥٠ )
١١ - گول ڈھکن جو بَھٹے کے اوپر جھونک روزنوں کے سروں پر ڈھانکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
"جب آگ جل رہی ہو تو جھونک روزنوں کے سروں پر ڈھانکنے کے لیے ڈھلواں لوہے کی ٹوپیاں بھی درکار ہیں"
( ١٩٤٨ء، اشیائے تعمیر، ٤٦ )
١٢ - دھات وغیرہ کا بنا ہوا گول پیچ یا لیور۔
"ٹوپی (Cap) کھول لینے کے بعد پیڈل کے دھرے پر کسا ہوا نٹ ظاہر ہو جاتا ہے"
( ١٩٧٠ء، دھات کاری، ٧١ )
١٣ - دوربین کے منہ کا ڈھکنا؛ یورپ کی مختلف قومیں۔ (نوراللغات؛ جامع اللغات)
١٤ - آتشبازی کی بارود کو ڈھکنے یا بند کرنے کا اوپر کا کاغذ۔
"بالائی منہ پر بھی کاغذ کی ایک ٹوپی سی چڑھا دیں۔"
( ١٩٠٣ء، آتشبازی، ٨٧ )