دربار

( دَرْبار )
{ دَر + بار }
( فارسی )

تفصیلات


فارسی زبان سے اسم جامد 'در' کے ساتھ فارسی اسم ظرف مکاں 'بارگاہ' کی تخفیف 'بار' لگا کر اسم ظرف مکاں بنایا گیا ہے۔ اردو میں ١٦٠٩ء کو "قطب مشتری" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم ظرف مکاں ( مذکر - واحد )
جمع غیر ندائی   : دَرْباروں [دَر + با + روں (و مجہول)]
١ - آستانہ، بارگاہ۔
"عامر بن شہر اب دربار رسالت سے واپس آیا تو اس کا دل نور اسلام سے معمور تھا"    ( ١٩١٤ء، سیرۃ النبی، ٢٧:٢ )
٢ - بادشاہوں، امیروں یا بزرگوں کی مجلس۔
"یہ کلمات سنتے ہی سارا دربار تھرا سا گیا"    ( ١٩٠٥ء، شوقین ملکہ، ١٦ )
٣ - وہ محکمہ جہاں سے بادشاہ یا امیر کی جانب سے فیصلے یا فرامین جاری ہوتے ہیں۔
"اس خاندان کے افراد یکے بعد دیگرے مغلوں، اودھ کے درباروں اور آخر کار ایسٹ انڈیا کمپنی کی ملازمت میں منسلک رہے"    ( ١٩٦٧ء، اردو دائرہ معارف اسلامیہ، ٢٧١:٣ )
٤ - جشن شاہی، امیروں یا بادشاہوں کی مجلس۔
"وہ دربار میں شریک نہیں ہوئے"    ( ١٩٣٨ء، حالات سرسید، ٨٩ )
٥ - حاضری، حضوری، حاضر باشی۔
"محمود کو رشک ہوا یہاں تک کہ فرخی کا دربار بند کر دیا"      ( ١٩٠٧ء، شعرالعجم، ٧٨:١ )
٦ - دیسی ریاستوں کی حکومت۔ (جامع اللغات)
٧ - مجلس جو بڑے سرکاری افسر سرکاری طور پر منعقد کرتے ہیں۔ (جامع اللغات)
٨ - شاہی عدالت، کچہری۔ (نوراللغات)
٩ - محل، قصر۔
"بادشاہ یا اس کے وزیر کے محل یا دربار کو 'باب' یار، آستانہ، یا 'دربارہ' کہنے کا رواج ترکیہ میں ایران سے منتقل ہوا"      ( ١٩٦٧ء، اردو دائرہ معارف اسلامیہ، ٧٩٥:٣ )
١ - دربار لگنا (لگا ہونا)
مجمع لگا رہنا، ملازمین اور مجرائیوں وغیرہ کا اکٹھا ہونا۔"ہر وقت حاضر باشوں کا دربار لگا رہتا تھا"      ( ١٩٢٩ء، تذکرۂ کاملان رام پور، ٣٩٩۔ )
٢ - دربار معاف کرنا۔
دربار میں حاضری دینے کی معافی دینا۔"ملکہ نے کہا اے نشواط. تم تھکے ماندے آئے ہو ہم نے دربار تمہارا معاف کیا، جاءو آرام کرو"      ( طلسم ہوشربا (مہذب اللغات) )
٣ - دربار معمور ہونا
"مجلس سلاطین و امرا کا حضّار بھر جانا۔"مجھے یہ امیروں سے معمور دربار، حوروں سے بھرا ہوا زنان خانہ. سبھی مانند زہر قاتل کے لگتے ہیں"      ( ١٨٧١ء، خورشید، ٨٤:١۔ )
٤ - دربار باندھنا
رشوت دے کر کام لینا، رشوت دینا، گھونس دینا۔ (مخزن المحاورات، نور اللغات)
٥ - دربار برخاست ہونا
دربار ختم ہونا۔ (جامع اللغات)
شاہی محل کے امراء کا رخصت کرنا۔ (مہذب اللغات)
٦ - دربار جمانا
دربار کو ترتیب دینا، دربار لگانا یا منعقد کرنا، اجلاس منعقد کرنا، جلسہ کرنا۔"ایران میں. قاعدہ تھا کہ روسا اور امرا جب دربار جماتے تو لوگ سینوں پر ہاتھ رکھ کر کھڑے رہتے۔"      ( ١٩١٤ء، سیرۃ النبیۖ، ٢٢٤:٢ )
٧ - دربار چڑھنا
دربار میں باریاب ہونا؛ عدالت میں حاضر ہونا۔"یہ دیکھیے کچہری کی روبکاری آئی ہے اور مجھے دربار چڑھنا ہوگا۔"      ( ١٨٧٨ء، نوابی دربار، ١٤ )
٨ - دربار گرم ہونا
دربار میں لوگوں کا جمع ہونا، مجرائیوں کا مجمع لگنا، دربار کا رونق پر آنا۔"ایک بجے تک یہاں دربار گرم تھا۔"      ( ١٨٨٠ء، فسانۂ آزاد، ٢٢٣:١ )
  • A house
  • dwelling;  court
  • area;  hall of audience
  • court;  holding of a court
  • a levee;  royal audience;  the executive government of a native state.