خلوت

( خَلْوَت )
{ خَل + وَت }
( عربی )

تفصیلات


خلو  خَلْوَت

عربی زبان میں ثلاثی مجرد کے باب سے مشتق حاصل مصدر ہے۔ اردو میں بطور اسم مستعمل ہے۔ ١٥١٨ء کو "لطفی بیداری بہمنی (دکنی ادب کی تاریخ)" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم کیفیت ( مؤنث - واحد )
جمع غیر ندائی   : خَلْوَتوں [خَل + وَتوں (و مجہول)]
١ - تنہائی، علیحدگی، جلوت کی ضد۔
 خلوتوں میں روئے گی چھپ چھپ کے لیلائے غزل اس بیاباں میں نہ اب آئے گا دیوانہ کوئی      ( ١٩٧٢ء، دیوان، ناصر کاظمی، ٥٦ )
٢ - مکان کا غیر سے خالی ہونا۔ (نوراللغات)
٣ - خالی جگہ، تنہائی کا مقام۔
"بجائے سپاہیوں میں رہنے اور ان سے ملنے جلنے کے ایک خلوت کے مقام میں بیٹھا رہتا۔"      ( ١٩٢٦ء، شرر، مضامین، ٧١:٣ )
٤ - خواب گاہ، سونے کا کمرہ۔
"جب بادشاہ خلوت سے باہر آوے اور اول نظر باز پر پڑے تو میمنت کا سبب جانا جاوے۔"    ( ١٨٨٣ء، میدگاہ شوکتی، ١٣ )
٥ - عبادت کا کمرہ، حجرہ، کوٹھڑی۔
"جب مرید صادق خلوت میں داخل ہو تو پوری طرح اپنی دنیا سے باہر نکل آئے غسل کامل کر کے نماز پڑھنے کی جگہ اور کپڑے پاک ہوں۔"    ( ١٩٧٤ء، انفاس العارفین، ٣٢٥ )
٦ - پوشیدگی، درپردہ۔
"اسے دیکھ کر وہ پسیجا اور مجھ سے کہا کہ میں تم سے خلوت میں مل کر باتیں کروں گا۔"      ( ١٨٩٧ء، تاریخ ہندوستان، ٢٣٤:٦ )
٧ - [ عقائد ] بارہ اماموں کی یاد میں بارہ دن تک روکھی روٹی اور پانی پر قناعت کرنے کی رسم۔
"بعض درویش . بارہ دن تک متواتر بیاد گاری بارہ امام علی صرف خشک روٹی اور پانی پر قناعت کرتے ہیں . اس خاص رسم کو خلوت کہتے ہیں۔"    ( ١٨٨١ء، کشاف اسرار المشائخ، ٢٧٣ )
٨ - عبادت کے لیے ڈھائی دن گوشے میں بیٹھنا۔ (غیاث اللغات)
٩ - تنہائی میں ملاقات، پوشیدگی میں گفتگو۔
 خلوت کسی سے ہو تو دو عالم سے ہاتھ اٹھاؤں اس عالم حوالہ و تحویل کے لیے      ( ١٩٦٧ء، غزال و غزل، ١٢٥ )
١٠ - ہم بستری، مباشرت۔
"اس قسم کا کوئی رواج نہ ہونے کی صورت میں شادی مکمل ہو گی اگرچہ کہ خلوت نہ ہوئی ہو۔"      ( ١٩٤١ء، قانون و رواج ہنود، ١٥١:١ )
١١ - [ تصوف ]  محبت خلائق اور ہستی سے بیگانہ ہونے کو کہتے ہیں۔ اسی سے مراد حضوری بحق ہے بلا خطراتِ غیر۔ (مصباح التعرف، 114)
 بیداری شب ہے کچھ نہ ہے صوم دوام خلوت لیکن در انجمن ہے غمگین      ( ١٨٣٩ء، مکاشفات الاسرار، ٥٢ )
  • loneliness
  • solitude;  seclusion
  • retirement
  • privacy;  a vacant place
  • a private place or apartment
  • a closet
  • (to which one retire for privacy);  a cell (for religious retirement);  private conference.