خول

( خول )
{ خول (و مجہول) }
( فارسی )

تفصیلات


اصلاً فارسی زبان کا لفظ ہے۔ فارسی سے اردو میں داخل ہوا۔ قیاس ہے کہ پراکرت کے لفظ 'کھول' سے ماخوذ ہو۔ لیکن اغلب امکان یہی ہے کہ فارسی سے اردو میں آیا۔ اردو میں بطور اسم مستعمل ہے۔ ١٦٥٧ء کو "گلشن عشق" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
جمع غیر ندائی   : خولوں [خو (و مجہول) + لوں (و مجہول)]
١ - چھلکا، پوست۔
"ان جانوروں کا جسم کیلشیم سے بنے ہوئے ایک سخت خول میں محصور ہوتا ہے۔"    ( ١٩٨٥ء، حیاتیات، ١١٥ )
٢ - غلاف پتر کا خانہ۔
"بادشاہ نے احمد قلی خاں کے پاس ایک تعویذ بھیجا اور کہوایا کہ اس پر لوہے کا خول منڈھوا لو اور اپنی بانھ پر باندھ لو۔"    ( ١٩٢٥ء، غدر کی صبح و شام، ١٥٩ )
٣ - اوپر کا پرت، بالائی بناوٹ۔
 تیشہ کام اپنا کر رہا ہے دیکھو تصور کا خول اتر رہا ہے دیکھو    ( ١٩٤٧ء، سنبل و سلاسل، ٢٨٧ )
٤ - وہ شے جو اندر سے خالی ہو، مجوف، چونگا، پونگا، کھوکھلا۔
"تم میں سے ہر شخص گھونگے کا ایسا خول لائے جس میں سے دھاگہ گزرا ہوا ہو۔"    ( ١٩٨٣ء، صنعت وحرفت، ١٣٥ )
٥ - [ سائنس ] جسمانی ساخت جو ڈبیہ نما ہوتی ہے۔
 خول، گھر یا ڈبیا جو کچھ نام تم چاہو رکھو کھولتا ہے سانس لینے کے لیے وہ بیشتر    ( ١٩١٦ء، سائنس و فلسفہ، ٣٤ )
٦ - ملمح؛ سونے چاندی کا ورق یا پتر یا پانی جو کسی چیز پر چڑھایا ہوا ہو۔
"ایک مینار کے ٣/٤ حصہ پر سونے کا خول لگا ہے۔"      ( ١٩١٢ء، روزنامچہ سیاحت، ١٠٧:١ )
٧ - پنجر، حیوانی جسم کی ہڈیوں پر مشتمل باقیات۔
"ساحل بحر کے بعض پہاڑوں میں سو فیٹ سے ہزار فیٹ کی بلندی تک ہمیں بحری جانوروں کے خول تہہ بہ تہہ جمے ہوئے ملتے ہیں۔"    ( ١٩٣٤ء، جغرافیہ عالم، ٦٧:١ )
٨ - ڈھانچہ، ابتدائی جزویات پر مشتمل خاکہ۔
"جہازوں کے پیندے اس کے خول اور مشینری کی مرمت کا کام۔"    ( ١٩٦٥ء، کاریگر، ٧/٣۔ ١٣:٨ )
٩ - خلا، خالی جگہ، اندرونی فاصلہ۔
"بیت اللہ شریف کی تلے اوپر دو چھتیں ہیں دونوں متصل اور ملی ہوئی نہیں بلکہ بیچ میں وسیع خول ہے۔"      ( ١٩٠٦ء، الحقوق و الفرائض، ٢٠٣:١ )
١٠ - بالائی سطح پوشی، تہ، پوشش۔
"جلاٹین کا خول چڑھا کر کونین کی کڑواہٹ کو دبا دیا جاتا ہے۔"      ( ١٩٠٠ء، لیکچروں کا مجموعہ، ٣٨٩:٢ )
١١ - ایک قسم کی چینی ترکاری کی پھلیاں جو زیتون کے تیل میں پکتی ہیں۔
"سومنگ کے بعد ہم لوگ ایک قہوہ خانے میں خول کھانے جا رہے ہیں۔"      ( ١٩٨٣ء، خانہ بدوش، ٢٨١ )
١٢ - [ طب نسوانی ]  دائیوں کی اصطلاح میں جھلی کے اس غلاف کو کہتے ہیں جس کے اندر رہ کر بچہ ماں کے پیٹ میں پرورش پاتا ہے اور جو ولادت کے وقت پھٹ جاتا ہے، آون، برشعہ۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 54:7)
١٣ - آتش بازی وغیرہ کی خالی کاغذی پوشش۔
"موٹی قسم کا بنایا ہوا کاغذ جو بعض قسم کی آتش بازی کا خول بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہو۔"    ( ١٩٤٤ء، اصطلاحات پیشہ وراں، ٧٧:٨ )
١٤ - گولے یا کارتوس وغیرہ کا خالی نلکہ نماخانہ جس میں آتش گیر مادہ بھرا ہوتا ہے۔
"دونوں خول کیلوں سے پیوست کئے گئے تھے جو گولیوں کا کام دیتے تھے . کیونکہ آتش گیر مادہ سے دونوں خول ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے تھے۔"    ( ١٩١٤ء، مرقع بلجیم، ١٠٧ )
١٥ - [ موسیقی ]  ڈھولک کی شکل کا مشرقی پاکستان کا تال کا ساز جو بیچ میں سے دونوں طرف گاؤ دم ہوتا چلا جاتا ہے۔ دائیں پٹری چار انچ کے قطر کی اور بائیں اس سے کسی قدر بڑی ہوتی ہے ان دونوں کے درمیان تسمے ہوتے ہیں گئے نہیں ہوتے۔
"مشرقی پاکستان کے عوامی کانوں کے ساتھ خول بجایا جاتا ہے۔"      ( ١٩٦١ء، ہماری موسیقی، ١١٠ )
١٦ - ظاہری ٹیپ ٹاپ کی حالت، بناوٹ، رکھ رکھاؤ۔
"یہ بے رخی دراصل ان کا اوپری خول ہے۔"    ( ١٩٨٣ء، نایاب ہیں ہم، ٨٥ )
١٧ - حیثیت، ذات، باطنیت۔
"وہ اپنے خول میں رہ کر سب کچھ دیکھتے اور سنتے اور کبھی کبھی خول سے گردن باہر نکال کر دنیا کے کاموں میں بھی شریک ہو جاتے۔"    ( ١٩٨٤ء، کیا قافلہ جاتا ہے، ١٩٨ )
١٨ - [ سناری ]  سوراخ، کھانچہ۔
"کڑے کے خول کھولنے کا کھٹکا سوئی کی طرح نوک دار تھا۔"      ( ١٩٢٤ء، خونی راز، ١٨٠ )
١٩ - [ سائنس ]  علامت ایک بند حلقے (Closed Region) پر تکمیل یعنی انٹگریشن Integration کے عمل کو ظاہر کرتی ہے اس قسم کے بند سطح کو اکثر ایک خول یا شیل (Shell) کا نام دیا جاتا ہے اس وجہ سے اس قسم کا انٹیگرل (Integral) یا تکمیل شیل (Shell Integral) انٹیگرل یا خول تکملہ کہلاتا ہے۔ (مادے کے خواص، 38:2)
١ - خول چڑھنا
غلاف چڑھا ہونا، پوشش ہونا۔"ہمارے شعرا کے دل و دماغ پر غلامی کے خول چڑھے تھے۔"      ( ١٩٤٠ء، ہم اور وہ، ٢٥ )
  • A cover
  • case
  • sheath;  a hollow