اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - شاخ، ٹہنی، ڈنڈی۔
"بانہیں مضبوط ڈال کی طرح کیسے جھومتی چلی آرہی ہیں۔"
( ١٩٦١ء، برف کے پھول، ٨٩ )
٢ - تلوار کا پھل، بے قبضے کی تلوار۔
کیا نزاکت سے لچک جاتا ہے واہ جس طرح سے سیف کی دُمتی ہے ڈال
( ١٨٥٨ء، کلیات تراب، ١٢٣ )
٣ - ٹوکری یا ڈول جس سے آب پاشی کے لیے پانی نکالتے ہیں، آبپاشی کا ٹوکرا یا ڈول۔
"پانی تالاب و ندی کا اس پٹیاری بانس سے باہر پھینکتے ہیں اس کا نام بینڈی "لہینڈی" ڈال ہے۔"
( ١٨٤٦ء، کھیت کرم، ١١ )
٤ - [ کاشتکاری ] وہ قطعہ اراضی یا کھیت جو نہر کے پانی کی سطح سے اونچا ہو اور جہاں آبپاشی کے لیے پانی چڑھاؤ پر لے جانا پڑے۔ (اصطلاحاتِ پیشہ وراں، 158:6)
٥ - ڈلیا، چنگیری یا پھل پھول رکھنے کی ٹوکری جس میں پھل سجا کر کسی کے یہاں بھیجے جائیں، کپڑا، گہنا زیور جو ایک ڈلیا میں رکھ کر دولہا کی طرف سے دلہن کے گھر بھیجے جاتے ہیں۔
"اب بھانوروں کی تیاری ہونے لگی جو اپنے کپڑے اور زیورات کا ڈال آیا۔"
( ١٩٣٦ء، پریم بتیسی، پریم چند )
٦ - سکے کی وضع کا ایک زیور جسے جوگی لوگ داہنی کلائی میں پہنتے ہیں، گہنا، وسط بھارت اور ماروڑا میں بھی پہنا جاتا ہے۔ (ماخوذ: مہذب اللغات؛ شبدساگر)
٧ - دیوار گیریوں یا جھاڑوں وغیرہ اس کھونٹی کو کہتے ہیں جس میں کنول لگائے جاتے ہیں۔
"ڈالوں کو دیوار میں لگا کے دیکھ لیا کرو، پیچ تو نہیں ڈھیلے ہیں اگر پیچ ڈھیلے ہوئے تو کنول گر جائیں گے۔"
( ١٩٦٨ء، مہذب اللغات، ٣٤٠:٥ )