اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - آگ وغیرہ کی اونچی لو، جوالا مکھی، شعلے کی لپٹ، شعلہ۔
"کسی دیئے کی لاٹ اونچی رہتی ہے کسی کی ہوا سے دبتی اور بجھتی رہتی ہے۔"
( ١٩٨٦ء، ن، م، راشد، ایک مطالعہ، ٢٧٠ )
٢ - شعلے کی لپک، روشن چیز کا عکس جو بلند نظر آئے، روشنی، چمک۔
"شہزادی جب محل میں جھولا جھولتی تو جھولے کی "لاٹ" (روشنی) سات کوس تک دیکھی جاتی تھی۔"
( ١٩٨٤ء، چولستان، ٢٦٠ )
٣ - پتھر، لوہے یا اینٹوں کا اونچا ستون، کھمبا یا مینار جو بطور یادگار، نمائش یا علامت بنا ہوا ہو (جیسے اشوک کی لاٹ یا قطب کی لاٹ یا لاٹھ)۔
"اس لاٹ کے لیے پتھر کہاں سے لایا گیا تھا۔"
( ١٩٩٣ء، قومی زبان، کراچی، جولائی، ٦٦ )
٤ - چکر کا مرکزی کیلا، محور، دھری، دھرا (جیسے چکی یا گھڑی وغیرہ کا محور۔ (ماخوذ: اصطلاحات پیشہ وراں، 170:1)
٥ - کولھو کی لمبی موٹی لکڑی جس کے دباؤ سے تیل نکلتا ہے۔ کولھو کا لٹھا۔
"تیلی تیل نکال رہا ہے . لاٹ پھر رہی ہے۔"
( ١٨٦٩ء، اردو کی پہلی کتاب، آزاد، ٨٨ )
٦ - (بیلداری) چونا چکی کی چاک کی بلی۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 90:1)
٧ - بنائی کے چرخے کی وہ لکڑی جس پر بنا ہوا کپڑا لپیٹا جاتا ہے۔
"تاگہ کو بنتا جاتا ہے اور ساتھ ہی لاٹ پر لپیٹتا جاتا ہے۔"
( ١٨٩١ء، رسالہ حسن، حیدر آباد، مئی، ٥٦ )
٨ - [ قفل سازی ] قفل کے اندر کا ایک پرزہ جس پر کنجی گھومتی یا گھمائی جاتی ہے اور جو آہنی میخ کی شکل قفل کے گھیرے کے مرکز میں جڑا ہوتا ہے۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 7:7)