اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - شعاع افگن توانائی کی ایک قسم جو ہماری آنکھوں پر اثر انداز ہوتی ہے یہ عموماً کسی بہت گرم چیز سے پیدا ہوتی ہے، حالانکہ کچھ حالات کے تحت ٹھنڈے اجسام مثلاً چمکدار مچھلیاں اور سما روغ وغیرہ سے بھی روشنی پیدا ہوتی ہے۔
"ان کے (مرکب بافتیں Compound Tisues) باریک باریک تراشے بنائے جاتے ہیں جن سے روشنی گزر سکتی ہے۔"
( ١٩٨١ء، اساسی حیوانات، ٧٦ )
٢ - اجالے کے واسطے جلائی جانے والی کوئی شے جیسے لالٹین، بجلی کا لیمپ، چراغ وغیرہ۔
تمہاری بزم کے پروانے کو جو پائے چراغ جلو میں ساتھ رہے روشنی دکھائے چراغ
( ١٨٧٠ء، دیوانِ شرف (آغا حجو)، ١٣٤ )
٣ - چراغاں
"ہز رائل ہائی پرنس آف ویلز کی تشریف آوری کلکتہ کی روشنی معائنہ کی تھی۔"
( ١٨٩٠ء، حسن، جنوری ٣، ٥٢:١ )
٤ - (حسن کی) آب و تاب، جلوہ۔
"ہر ایک کہتا ہے کہ شمع رو نے کیا روشنی پائی ہے۔"
( ١٩٠٢ء، طلسمِ نو خیزی جمشید، ٧٢:٣ )
٥ - (جواہرات کی) چمک دمک، آب و تاب۔
نہ دکھلاؤں کسی جوہر فروشاں کوں مرا جوہر دیا حق روشنی سے جواہرں میں میرے جوہر کوں
( ١٦١١ء، کلیات قلی قطب شاہ، ٤:١ )
٦ - نور، اجالا (جو نیک عملی کا نتیجہ ہو)۔
کام اوروں کے آئے مری زندگی پھیل جائے اندھیروں میں بھی روشنی
( ١٩٨٣ء، حصارِانا، ٢٩ )
٧ - بینائی، آنکھ کی دیکھنے کی قوت، نورِچشم۔
آنکھوں کی روشنی بھی گئی ساتھ یارکے کچھ سوجھتا نہیں جو وہ پیشِ نظر نہیں
( ١٨٣٢ء، دیوان رند، ١١٠:١ )
٨ - [ استعارۃ ] بصیرت جو کسی کُلیے، قول، مشاہدے یا انکشاف سے حاصل ہو۔
"تحقیقات کی روشنی میں آئندہ اس عہد کی تاریخوں میں سے اس قصے کا مذکور نکال دینا چاہیے۔"
( ١٩٣٩ء، افسانۂ پدمنی، ١٤٨ )
٩ - [ کنایۃ ] جدید تہذیب (عموماً نئی روشنی)۔
"جاہلیت کا عرب روشنی کے ہندوستان سے بدرجہا بہتر تھا۔"
( ١٨٩٠ء، فسانہ دلفریب، ١١ )
١٠ - [ کنایۃ ] رونق، آبادی۔
"یہ سب تمہارے دم کی روشنی ہے۔"
( ١٩٦٩ء، مہذب اللغات، ١٣٢:٦ )