١ - لوہا بجھانا
تپتے لوہے کو پانی میں ڈالنا، جس سے جھن کی آواز نکلتی ہے، یہ پانی بعض مریضوں کو پلایا جاتا ہے، تلوار یا لوہے کی کوئی چیز ٹھنڈی کرنا یا پانی میں ڈالنا۔"شیشے کے پیالے میں بکری کا دودھ پانی میں ملا کر رکھیں اور اس میں گرم کیا ہوا لوہا بجھائیں تو نہایت مفید ہوتا ہے۔"
( ١٩٣٦ء، شرح اسباب )
٢ - لوہا بَرَسْنا
تلوار چلنا، تیغ بازی ہونا، گولیاں برسنا، کشت و خون ہونا۔"رات بھر خوب لوہا برسا پر ایک جان بچانے کو ترسا۔"
( ١٨٨٠ء، طلسم فصاحت، ٢٩ )
٣ - لوہا تیز رکھنا
کردار کی مضبوطی برقرار رکھنا، رعب داب قائم رکھنا۔"اس لیے مردوں سے، اون بے دردوں سے اوس نے پرہیز رکھا، اپنا لوہا تیز رکھا۔"
( ١٩٠١ء، راقم دہلوی، عقد ثریا، ٥٥ )
٤ - لوہا ماننا
رعب کھانا، برتری تسلیم کرنا، اہمیت تسلیم کرنا، مرعوب ہونا، کسی کے سامنے عاجز ہونا۔"اس وقت کے ادبی جغادریوں نے ان کا لوہا مان لیا تھا۔"
( ١٩٨٨ء، فیض احمد فیض، عکس اور جہتیں، ٢٩٣ )
٥ - لوہا ہو جانا
لوہا بن جانا، سخت ہوجانا، کٹھور ہو جانا، سنگ دل ہو جانا۔"نہ اتنی سخت بنو کہ لوہا ہی ہو جاءو کہ نرم ہونا ہی نہیں آتا، نہ اتنی نرم کہ کوئی گھول کر پی جائے۔"
( ١٩١٠ء، لڑکیوں کی انشاء، ٤٥ )