اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - منصب، مرتبہ، حکومت وغیرہ کے اہم کام انجام دینے کی خدمت۔
"اب وہ اپنا نیا عہدہ سنبھالنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔"
( ١٩٨٣ء، جاپانی لوک کتھائیں، ١٧ )
٢ - کسی منصب دار وغیرہ کی مخصوص جگہ، درجہ، مقام، منزل۔
زہے قدرت کھلائے پھول ساق پائے مجنوں میں یاد بیڑی کو عہدہ موجۂ بادِ بہاری کا
( ١٨٩٥ء، دیوان ناسخ دہلوی، ٢ )
٣ - ذمہ داری، سپردگی، تحویل۔
"وہ منتظم کائنات جس نے نو عرض کا اہتمام ایک جوہر کے عہدے میں دیا۔"
( ١٨٩٠ء، بوستانِ خیال، ٣٠١:٦ )
٤ - وہ سازوسامانِ ضروریات وغیرہ جو امیروں کے ملازم اپنے ہاتھوں میں لے کر ان کے ہمراہ چلتے یا تخت وغیرہ کے قریب کھڑے ہوتے ہیں، جیسے: مور چھل، بلم، پنکھا، خاصدان وغیرہ نیز لوازماتِ امارت، عموماً جمع استعمال کرتے ہیں۔
آگے کوئی تھی ہاتھ میں عہدا لیے ہوئے پیچھے کوئی تھی چتر کا سایا کیے ہوئے
( ١٨٧٤ء، انیس، مراثی، ٢٠:٥ )
٥ - بیع نامہ، حلف نامہ۔
"کوئی شخص کفیل ہوا عہدہ کا تو یہ کفالت باطل ہے اس لیے کہ عہدہ کے کئی معنی ہیں، قبالہ قدیم، عقد حقوق، عقد ضمان الدرک، تو معلوم نہیں کون سے منی مراد ہیں۔"
( ١٨٦٧ء، نورالہدایہ، ٥٧:٣ )
٦ - [ لکھنؤ ] وہ چیزیں جو چیزیں جو تقریبات میں رشتہ داروں کو دیتے ہیں۔ (نوراللغات)
١ - عُہدہ برآ ہونا
فرض ادا کرنا، ذمہ داری سے سبکدوش ہونا۔"پاکستان کو نامساعد سماجی اقتصادی اور انتظامی صورتحال سے بھی عہدہ برآ ہونا تھا۔"
( ١٩٨٧ء، پاکستان کیوں ٹوٹنا، ١١ )
مقابلہ کرنا، غلبہ حاصل کرنا۔"ہر طرف فوج اس قدر ہو کہ جب وہ رانا سے دوچار ہو تو اس سے عہدہ برآ ہوسکے۔"
( ١٨٩٧ء، کارنامۂ جہانگیری، ٨ )
٢ - عہدہ دینا
کوئی خدمت کسی کے لیے نامزد کرنا، کوئی منصب دینا۔ (ماخوذ: نور اللغات؛ مہذب اللغات؛ علمی اردو لغت)
٣ - عہدہ سنبھالنا
منصب پر فائز ہونا۔"وزارت عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے کے دن سے ہی ان کا یہ دعویٰ رہا ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کو. مستحکم کر دینا چاہتے ہیں۔"
( ١٩٨٨ء، جنگ، کراچی، ٤ فروری، ٣ )