اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - لکڑی لوہے یا کسی اور پائدار چیز کی ایسی نشست گاہ جس پر ایک آدمی پیر لٹکا کر آرام سے بیٹھ سکے عموماً اس کے چار پائے، دو بازو(بعض کے نہیں ہوتے) اور پشت ہوتی ہے، بیٹھنے کی جگہ لکڑی یا لوہے کا تختہ لگا دیتے ہیں یا بید وغیرہ سے بُن دیتے ہیں، اچھی قسم کی کرسیوں میں گدے بھی لگے ہوتے ہیں۔
"اس کا بچہ کرسی کی پشت سے لگا لگا سو چکا تھا۔"
( ١٩٨٨ء، نشیب، ١٦٧ )
٢ - چوکی، چھوٹا تخت۔
"زرین کرسیوں پر جا بجا مشک و ازفر جلتا تھا۔"
( ١٩٢٩ء، تختِ طاؤس، ٦٤ )
٣ - پایۂ تخت، دارالحکومت، دارالخلافہ۔
"یہ ایک شہر عظیم ہے، مملکت تاتار کی کرسی ہے۔"
( ١٨٧٣ء، مطلع العجائب (ترجمہ)، ١٥٤ )
٤ - سطح زمین سے فرش عمارت یا سطح عمارت تک کی بنیاد یا پائے کا بھراؤ یعنی بلندی جو حسب ضرورت اورعمارت کی حیثیت کے لحاظ سے رکھی جاتی ہے، پلنتھ (Plinth)۔
"ایوان تخت (کورنش خانہ) جس کی کرسی جو آٹھ ہاتھ چوڑی، پندرہ ہاتھ لمبی اور ایک ہاتھ اونچی ہے۔"
( ١٩٦٧ء، اردو دائرہ معارف اسلامیہ، ١١٩:٣ )
٥ - [ خوشنویسی ] حرفوں کے دور اور کشش کے درمیان کا اٹھان، تحریر میں حروف کی نشست کا تناسب، حرفوں اور دائروں کی مناسب ترتیب۔
"مروّجہ طریقوں میں مفرد حروف کی شکل اور کرسی تبدیل ہوتی رہتی ہے۔"
( ١٩٨٧ء، اردو رسم الخط اور ٹائپ، ٢٥٦ )
٦ - [ اسلام ] مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق کرسی خداوندی، کرسی الٰہی؛ مراد؛ بلند ترین مقام، بہت بلند و بالا جگہ۔
"نور سے آسمان و زمین عرش اور کرسی . غرض کہ تمام چیزیں پیدا کی گئیں۔"
( ١٩١٦ء، معلمہ، ١٠٩ )
٧ - پیڑھی، پشت، نسل۔
"یہ خاندان کئی کرسی تک رہا۔"
( ١٨٩٠ء، تذکرۃ الکرام، ٢٧١ )
٨ - نسب نامہ، شجرہ، سلسلہ۔
یہ کرسی ہووے گی تصدیق جس کو نہ ہو خوف و خطر محشر میں اس کو
( ١٨٤٧ء، گلبن عصمت، ١١ )
٩ - [ تصوف ] کل صفات فعلیہ کی تجلی سے اور یہی مظہر اقتدار الٰہی و محل نفوذ او امرو نواہی ہے اس میں آثار و صفات متضاد بالتفصیل ظاہر ہوتے ہیں، اس لیے امرالٰہی وجود میں ظاہر ہوتا ہے، یہی محل قضا ہے۔ (مصباح التعرف، 204)
١٠ - [ کنایۃ ] درجہ، عہدہ۔
ہر مرتبہ و کرسی و منصب سے بڑا ہے اللہ بڑا سب سے بڑا سب سے بڑا ہے
( ١٩٨٤ء، الحمد، ٢٦ )
١١ - مرتبہ، عزت، تعظیم و تکریم۔
"گل اندام کو بہت ناگوار ہوا کہ یہ جو خدمت خداوند میں آتا تھا تو ہماری ہی وجہ کرسی ملتی تھی آج اسلام نہیں کیا۔"
( ١٩٠٢ء، طلسم نوخیز جمشیدی، ٢٧٢:٣ )
١٢ - لوہے یا فولاد کا جوڑ جس سے ریل کی پٹری اپنے مقام پر رہے۔
"جہان ریل کے پٹے یا ان کی کرسی سلیپر کے اوپر بیٹھتی ہے سخت لکڑی کی ایک تختی جما کر زیادہ پائیدار بنا دیا جاتا ہے۔"
( ١٩٠٧ء، مصرف جنگلات، ١١٦ )
١٣ - شعبہ (خصوصاً کسی مضمون کا شعبۂ تعلیم و تدریس)۔
"بہرحال جدید عربی زبان کی ایک خاص کرسی ہو جانے کے سبب سے دارالعلوم ہمارے ملک میں سب سے پہلے عربی درسگاہ تھی۔"
( ١٩٤٣ء، حیات شبلی، ٤٢٣ )
١٤ - مراد : آیت الکرسی (قدیم)۔
ہر فرض ادا کرتے ہیں فی الحال توں کرسی پڑے
( ١٦٣٥ء، تحفۃ المومنین، ٢٩ )