گاڑھا

( گاڑھا )
{ گا + ڑھا }
( سنسکرت )

تفصیلات


اصلاً سنسکرت زبان کا لفظ ہے اور بطور اسم صفت مستعمل ہے۔ اردو میں سنسکرت سے ماخوذ ہے اصل معنی اور اصل حالت میں عربی رسم الخط کے ساتھ بطور اسم صفت اور گا ہے بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ ١٧٧٥ء کو "نوطرز مرصع" میں مستمل ملتا ہے۔

صفت ذاتی ( واحد )
واحد غیر ندائی   : گاڑھے [گا + ڑھے]
جمع   : گاڑھے [گا + ڑھے]
١ - دبیز، موٹا، غف (کپڑے وغیر کے لیے)۔
"میت کو غسل دیتے وقت اس بات کی زیادہ احتیاط رکھیں کہ اس کا ستر کھلنے نہ پائے، ستر پر ایک گاڑھا کپڑا ڈال دیں۔"      ( ١٩٠٦ء، الحقوق الفرائض، ٤٧٧:٢ )
٢ - مائع جس میں پانی کی مقدار کم ہو، غلیظ، زیادہ کثافت والا، پتلا یا رقیق کی ضد۔
"پیاز اور مسالے کا گاڑھا سیال الگ تیار رہتا ہے۔"      ( ١٩٨٣ء، دیگر احوال یہ ہے کہ، ١٢٥ )
٣ - [ کنایۃ ]  اٹل، قابل تسلیم، محکم۔
"جندری سے تار کھینچ لیا اور گاڑھے گاڑھے حکم اور لٹھ مار باتیں شروع کیں۔"      ( ١٩٢١ء، گاڑھے خاں کا دکھڑا، ١١ )
٤ - [ مجازا ]  پکا، پر خلوص، مخلص (دوست کی صفت کے لیے مستعمل)۔
"نواب ضیاالدین احمد خاں ان کے نہایت گاڑھے دوست تھے۔"      ( ١٨٩٩ء، حیات جاوید، ٤٢٥:٢ )
٥ - [ کنایۃ ]  زور آور، بہادر، دلیر۔
 گاڑھے ہیں ہم اس سے بھی جو ختکے کو ہلاکر، للکارے تھا یونہی      ( ١٨١٨ء، انشا، کلیات، ٣٤ )
٦ - [ کنایۃ ]  گہرا، نمایاں، واضح۔
"پنڈت جی کے چہرے کی طرف اڑتی ہوئی مگر تلاش کی نگاہ سے دیکھا، صداقت کی گاڑھی گاڑھی جھلک نظر آئی۔"      ( ١٩٣٦ء، پریم، چند، پریم پچسیسی، ١٥٧:١ )
٧ - [ کنایۃ ]  سخت، کرا، مشکل، دشوار۔ (جامع اللغات، پلیٹس)۔
٨ - [ کنایۃ ]  چالاک، کائیاں۔
"بسمارک . عقل کا نہایت تیز اور تدبیر کا بڑا گاڑھا تھا۔"      ( ١٩١٥ء، خطبات مشران، ١٤٥:١ )
٩ - [ کنایۃ ]  شدید، گہرا۔
 آپ پر بار صرف ڈاڑھی ہے یاں ریاست کی فکر گاڑھی ہے      ( ١٩٢١ء، اکبر، کلیات، ٣٢٣:١ )
اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
١ - ٹھونک کر بنا ہوا ایک غف کپڑا، کھڈی کا بنا ہوا کپڑا، کھدر وغیرہ۔
"بازار میں تو زربفت اور کمخواب سے لیکر گاڑھا دھوتر تک ملتا ہے۔"      ( ١٩٣٢ء، اخوان الشیاطین، ٣١٢ )
٢ - [ مجازا ]  معمولی کپڑا، موٹا جھوٹا کپڑا۔
"ایک قسم کے موٹے اور مضبوط کپڑے کو کہتے ہیں جو عموماً کھڈی پر بنا جاتا ہے اور لفظ "گاڑھا" کے ساتھ گزی گاڑھا کے مرکب کی شکل میں موٹے جھوٹے کپڑے کےلیے بولا جاتا ہے۔"      ( ١٩٨٨ء، اردو، کراچی، ٧٤:٣ )
٣ - لڑائی کا مست ہاتھی۔ (نوراللغات، سرمایا زبان اردو)