اسم نکرہ ( مذکر )
١ - آب، جل، قدیم تصور کے مطابق اربعہ عناصر میں سے ایک عنصر جو جدید سائنس کے مطابق آکسیجن اور ہائیڈروجن کا سیال مرکب ہے، H2O
"ہر ملک اور قوم نے جنگ پر روپیہ پانی کی طرح بہایا تھا"۔
( ١٩٥٣ء، امن کے منصوبے، آغا اشرف، ٥٧ )
٢ - [ کنایۃ ] شراب۔
روزہ کیا رکھیں وہ مے خوار جو مے خانے میں پانی پی پی کے شب و روز گزر کرتے ہیں
٣ - بارش، مینھ۔
دنیا میں سب سے زیادہ پانی کہاں پڑتا ہے۔
( ١٩٦٣ء، آفت کا ٹکڑا، ١٢٨ )
٤ - عرق، افشردہ۔
"دو گلٹ کے پیالے اور کلون کے پانی کی دو شیشیاں"
( نیپولین اعظم، ٣٧٣:٥ )
٥ - پسینہ۔(نوراللغات، 19:2)
٦ - [ مجازا ] آنسو۔
تپتے بن میں رہے پیاسے تو یہ سوکھا پانی بچے روئے بھی تو آنکھوں سے نہ نکلا پانی
( ١٩٥١ء، آرزو (مہذب اللغات ٤٨٦:٢) )
٧ - شرم و حیا۔ (آنکھوں کی نسبت سے)
"اس کی آنکھوں میں ذرا پانی نہیں"
( فرہنگ آصفیہ )
٨ - (تلوار وغیرہ) کی دھار، تیزی، کاٹ
ظفر تج گھر ہے چاکر ہوا و ندیاں کی صف پہ تو ور ہے بہے طوفان کا لہر ہو تری شمشیر کا پانی نہ ہوا سبط پیمبر کو میسر پانی آہ اے تیغ ترے منہ پہ ہے کیونکر پانی
( ١٦٧٨ء، کلیات، غواصی، ٩٧ )( ١٩٠٦ء، گلزار بادشاہ، ٦٣ )
٩ - ملمع۔ (سونے یا چاندی وغیرہ کے ساتھ)
"اس پر . سونے کا پانی چڑھایا تھا"
( ١٩٤٠ء، ہم اور وہ، ٤٣ )
١٠ - اصل نسل
"پانی کھیت کا اچھا جانور"
( ١٨٩٥ء، فرہنگ آصفیہ، ٤٨١:١ )
١١ - حوصلہ و ہمت، طاقت، بل بوتہ۔
"دلیر دھونکل! دکھاؤں تجھ کو کہ مجھ میں ہے کس قدر پانی"
( ١٩٠١ء، عشق و عاشقی کا گنجینہ، ٨ )
١٢ - رطوبت، تری۔
"آبلہ ٹوٹ گیا اور پانی نکل گیا"
( ١٩٢٦ء، نوراللغات، ١٩:٢ )
١٣ - مرغوں کی لڑائ کا درمیانی وقفہ(ان کے تازہ دم ہونے کے لیے)
"رکھو برابر لڑائ کو دونوں ہوا میں بھرے ہوئے ہیں، پانی ان کا کون کرے"
( ١٨٧٩ء، بوستانِ خیال، ٢٥٦ )
١٤ - مرغ کی لڑائ، مرغوں کا گھڑی بھر مقابلہ، کشتی۔
آج . ماشاء اللہ سے چشم بد دور ساتواں پانی تھا۔
( ١٩٥٤ء، اپنی موج میں، ٢٦ )
١٥ - [ معیوب ] نطفہ، معنی۔
"خاوند کے پانی . کا جمع ہونا، زانی کے پانی کے ساتھ ایک رحم میں کیسے درست ہو گا"۔
( ١٨٦٦ء، تہذیب الایمان (ترجمہ) ٧٤ )
١٦ - دودھ (عورتوں کے لیے)
اب پانی پڑنے لگا ہے یعنی جوان ہو چلی ہے۔
( ماخوذ : فرہنگ آصفیہ، ٤٨١:١ )
١٧ - آب و تاب، چمک دمک، رونق، تازگیماخوذ: جامع اللغات، 19:2
١٨ - [ پتنگ بازی ] وہ کنکوا جو تناؤ پر نہ ہو اور پیٹا چھوڑ دے۔(فرہنگ آصفیہ، 281:1)
١٩ - یخنی۔
"گوشت کو دھو کر . یخنی پکانے کو رکھیں جب گوشت گل جائے تو اتار لیں اور گوشت کو الگ کر لیں۔ پانی کو الگ کسی برتن میں نکال کر رکھیں"۔
٢٠ - بدمزہ، پھیکا ہونے کی کیفیت یا حالت۔
"یہ آم پانی نکلا"
( ١٩٢٦ء، نوراللغات، ١٩،٢ )
٢١ - ٹھنڈا یا سرد ہونے کی حالت یا کیفیت۔
"چائے پانی بن چکی ہے"۔
( مرتب )
٢٢ - آسان یا سہل ہونے کی کیفیت
ہر بحر میں دریا کی روانی نظر آئے پتھر کا بھی مضموں ہو تو پانی نظر آئے
( ١٨٧٥ء، مراثی، مونس، ١٢١:٣ )
٢٣ - چلن، شہرت، عزتجامع اللغات، 19:2