نسخہ

( نُسْخَہ )
{ نُس + خَہ }
( عربی )

تفصیلات


نسخ  نُسْخَہ

عربی تلاتی میں ثلاثی مجرد کے باب سے مشتق اسم ہے۔ عربی سے من و عن اردو میں داخل ہوا اور بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ اردو میں سب سے پہلے ١٧٠٧ء کو "کلیاتِ ولی" میں تحریراً مستعمل ملتا ہے۔

اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
واحد غیر ندائی   : نُسْخے [نُس + خے]
جمع   : نُسْخے [نُس + خے]
جمع استثنائی   : نُسَخ [نُسَخ]
جمع غیر ندائی   : نُسْخوں [نُس + خوں (و مجہول)]
١ - وہ چیز جو لکھی ہوئی ہو، مکتوب، کتابت، تحریر۔
"مگر ان مثنویوں کا ڈرامائی انداز کا کوئی نسخہ دستیاب نہیں ہے"    ( ١٩٩٠ء، اردو ڈرامہ کی مختصر تاریخ، ٦٧۔ )
٢ - کتاب، رسالہ؛ کسی قلمی یا مطبوعہ کتاب کی ایک جلد۔
"میرے پیش نظر اس کتاب کا جو نسخہ ہے اس کا سرِورق ضائع ہو چکا ہے"    ( ١٩٩١ء، تحقیق نامہ، ٣٥٣۔ )
٣ - کسی نظم یا شعر کا مصرع یا لفظ جو کسی دوسرے ایڈیشن میں مختلف ہو، متبادل متن۔ (ماخوذ: فرہنگ آصفیہ)
٤ - کاغذ یا وہ پرچہ جس پر دوائیں، وزن اور ترکیب استعمال لکھ کر مریض کو دیتے ہیں، طبیب کی مجوزہ ادویہ و ترکیبِ استعمال پر مشتمل ہدایت نامہ۔
"کسی کو بھی ڈاکٹر علاج کے لیے نسخے میں لکھ دے کہ ٹویوٹا کار میں گھمایا جائے تو کیا ہو گا"    ( ١٩٨٩ء، دلی دور ہے، ٢٢٤۔ )
٥ - تجویز کردہ دوا، مرض کا علاج نیز وہ مفردات جو کسی دوا یا مرکبات میں پڑتے ہیں۔
 موت کا نسخہ ابھی باقی ہے اے درد چارہ گر دیوانہ ہے میں رادوا کیونکر ہوا    ( ١٩٢٤ء، بانگِ درا، ١٠٣۔ )
٦ - کسی مرکب کے تیار کرنے کے اجزا اور اس کی ترکیب۔
"شہد جہاں قوت بخش غذا اور لذت و طعم کا ذریعہ ہے ہاں امراض کے لیے نسخہ شفا بھی ہے"    ( ١٩٧٢ء، معارف القرآن، ٣٥٢:٥۔ )
٧ - ترکیب؛ ڈھنگ، کسی عمل یا ترکیب کا ہدایت نامہ۔
"تصوف آدمی کو اپنے آپ سے ملانے کا نسخہ اور راستہ ہے"      ( ١٩٩٢ء، اسلامی تصوف اہل مغرب کی نظر میں، ١٥۔ )
٨ - [ کنایتہ ]  ادنٰی درجے کا آدمی۔ (نوراللغات)
٩ - مرکب، دو یا زائد اشیا سے مل کر بننے والی چیز نیز عجیب شخص، عجیب ہستی۔
"مجید لاہوری صاحب کو خدا نے شریف اور شرارت کا جو نسخہ بنایا ہے وہ دل کی گرمی اور دماغ کی ٹھنڈک کے لیے بہترین نسخہ ہے"      ( ١٩٨١ء، پطرس، ایک مطالعہ، ٧١۔ )
  • a copy or model
  • an exemplar
  • a prototype;  a manuscript-copy
  • a copy
  • an edition;  a copy-book
  • writing-book;  a recipe
  • prescription (of medicine
  • or of ingredients for any composition)