اسم نکرہ ( مؤنث - واحد )
١ - نباتات، گھاس پھوس، ہریالی، ہرپاول۔
"کانگرو جماعت کے کل جانور سبزی خور ہیں اور گھاس وغیرہ پر اپنی زندگی بسر کرتے ہیں"
( ١٩٣٢ء، عالم حیوانی، ٤٩ )
٢ - پتوں والی ترکاری، ساگ پات، ہری ترکاری
"مدینے کے بازار میں سبزی بک رہی تھی، ایک بڑھیا سبزی فروش نے بھی اپنی دوکان سجا رکھی تھی"
( ١٩٨٥ء، روشنی، ٥٠٨ )
٣ - رونق، شادابی، تازگی، طراوت، سرسبزی۔
"سوکھے ہوئے دل کی کیاری پر سبزی کا پانی چھڑکتا ہے"
( ١٩٠١ء، عشق و عاشقی کا گنجینہ، ١٠٩ )
٤ - پھول کا نچلا حصہ، ڈنٹھل۔
"گڑھل کے پھول سبزی دور کیے ہوئے سو عدد"
( ١٩٣٠ء، جامع الفنون، ١٢٨:٢ )
٥ - وہ رنگت جو رخساروں پر نیا خط نکلنے سے نمودار ہوتی ہے۔
"لب بالا پر سبزی ہوتی ہے آخر عمر میں ان کے منہ پر داڑھی نکل آتی ہے"
( ١٩١٨ء، بہادر شاہ کا مولا بخش ہاتھی، ٤ )
٦ - کانوں کا ایک جڑاؤ زیور، بندہ۔
"اور طرح طرح کے زیور جڑاؤ مرصع کار . سبزی، پتے، جھمکے پانچ لڑے ست لڑے"
( ١٨٦٣ء، انشائے بہار بے خزاں، ٥٣ )
٧ - بھنگ۔
"مشہور ہے کہ ایک بھنگڑ خانے میں کسی بھنگڑی نے سبزی کے رنگ میں جلا کر کہا واہ رہے محمد شاہ رنگیلے"
( ١٨٩٠ء، رسالہ حسن، ٣، ٣٦:٩ )
٨ - وہ رنگت جو فولاد کے جو ہر میں ہوتی ہے، سبزہ فولاد۔
کمر باندھے ہوں مرنے پر تمنائے شہادت ہے حسام پار کی سبزی سے گل پھولے تو جنت ہے
( ١٨٧٨ء، بحرر مہذب اللغات، ٣٣٩:٦ )