طلب

( طَلَب )
{ طَلَب }
( عربی )

تفصیلات


طلب  طَلَب

عربی زبان میں ثلاثی مجرد کے باب سے مشتق اسم ہے۔ اردو میں بھی بطور اسم مستعمل ہے۔ ١٦٠٩ء کو"قطب مشتری" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم کیفیت ( مذکر، مؤنث - واحد )
١ - جستجو، تلاش، کھوج۔
 رہوں گا ڈھونڈ کر نقشِ کف پا طلب کہتی ہے وہ کعبہ یہیں ہے    ( ١٩٨٥ء، رخت سفر، ٢٠ )
٢ - [ تصوف ] حق کے طلب کرنے کو کہتے ہیں۔ (مصباح التعرف، 166)
٣ - مقصد؛ خواہش؛ آرزو، چاہت، شدید خواہش۔
"سگریٹ بیڑی کی طلب ہوئی۔"      ( ١٩٧٧ء، ابراہیم جلیس، الٹی قبر، ١٧ )
٤ - مانگ، مطالبہ، فرمائش، ضرورت۔
"وسائل کے وظائف بہت سے دوسرے پیچیدہ عوامل سے مشروط ہوتے ہیں مثلاً طلب، علم تکنیک، سرمایہ . وغیرہ۔"      ( ١٩٨٤ء، جدید عالمی معاشی جغرافیہ، ٤٧ )
٥ - بلاوا، طلبی۔
 جبریل براق لا کے بولے یا ختم رُسلۖ چلو طلب ہے      ( ١٨٧٢ء، محامد خاتم النبین، ١٧٠ )
٦ - تنخواہ۔
"دو مہینے کی پیشگی طلب ملی۔"      ( ١٩١٠ء، سپاہی سے صوبیدار، ٦٩ )
٧ - [ نفسیات ]  حیوان کی اس اساسی خاصیت کا نام جو بافت حیات کو مرکب کرنے والے پیہم انضباطات و مہمات میں منکشف ہوتی ہے اس خاصیت کا بلا واسطہ علم (ہم کو) اپنی شعوری فعلیت میں کسی خاص غایت کی طرف تحریض یا محسوس میلان کی صورت میں ہوتا ہے ماہرین نفسیات اس کو طلب کہتے ہیں۔ (اساسی نفسیات، 90)
٨ - مرکبات میں بطور جزو دوم مستعمل اور چاہنے اور تلاش کرنے والا کے معنی دیتا ہے، جیسے : آرام طلب، حق طلب۔
 کس قدر آپ سے ہوں لذتِ گفتار طلب سینکڑوں لفظ مجھے یاد ہیں تکرار طلب      ( ١٩٥٨ء، حیدر دہلوی، صبح الہام، ٧١ )
١ - طلب کرنا
بلانا۔"اسی نے اُسی وقت اپنے ایک ایسے ملازم کو طلب کیا جس پر اسے بہت زیادہ اعتماد تھا"      ( ١٩٨٣ء، جاپانی لوگ کتھائیں،٦٢۔ )
پکار کر بلانا، آواز دے کر بلانا۔"جب جانور طلب کرنے میں درست ہو جاوے اس کو باولی بھی دے دیں"      ( ١٨٨٣ء، صیدگاہ شوکتی، ١٠٩۔ )
چاہنا، خواہش کرنا، ڈھونڈنا۔ اللہ کو زاہد جو طلب کرتے ہیں ظاہر تقویٰ کو کس سبب کرتے ہیں      ( ١٨١٠ء، میر، کلیات، ١١٥٨۔ )
مانگنا، سوال کرنا، تقاضا کرنا۔"صاحب حیدر سے حریف مخالف کے رویے پر کچھ کہنے کی اجازت طلب کی"      ( ١٩٨٧ء، اک محشرِ خیال، ١٨۔ )
پوچھنا، معلوم کرنا، جاننا۔"علوم میں بعض موضوع کا حال طلب نہیں کیا جاتا"      ( ١٩٢٥ء، حکمۃ الاشراق، ١٢٢۔ )
دعویٰ کرنا۔ (نوراللغات)
٢ - طلب رکھنا
خواہش رکھنا، چاہنا، خواہش کرنا۔ بات سننے کی طلب رکھتا ہے اوروں سیتی ہم سوں کہتا ہے سخن لاکھ نہوڑوں سیتی      ( ١٧١٨ء، دیوان آبرو، ٦٠۔ )
  • search
  • quest;  wish
  • desire;  inquiry
  • request
  • demand;  sending for;  an object of quest
  • or of desire