چہرہ

( چِہْرَہ )
{ چِہ (کسرہ چ مجہول) + رَہ }
( فارسی )

تفصیلات


فارسی زبان سے ماخوذ لفظ عربی رسم الخط کے ساتھ اردو میں اپنے اصل معنی اور حالت کے ساتھ بطور اسم مستعمل ہے۔

اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
واحد غیر ندائی   : چِہْرے [چِہ (کسرہ مجہول) + رے]
جمع   : چِہْرے [چِہ (کسرہ مجہول) + رے]
جمع غیر ندائی   : چِہْروں [چِہ (کسرہ مجہول) + روں (و مجہول)]
١ - مکھڑا، صوررت۔
"چہرے سے بیس پچیس سال کی جوان معلوم ہوتی ہے"      ( ١٩٧٧ء، ابراہیم جلیس، الٹی قبر، ١٦٢ )
٢ - حلیہ جو رجسٹروں میں درج ہو، ملازموں کے خال و خط جو دفتر میں لکھے جائیں۔
"محکمہ جات . فوج. بخشی خانہ، چہرہ، کمیدان، حوالدار، پیادہ، سوار، رسالدار"      ( ١٩٤٠ء، جائزہ زبان اردو، ٤٢ )
٣ - نفری، گنتی۔
 جو چہروں کی کی اس نے سب وا گرفت کہا فوج ہے بست ہزار اور ہفت      ( ١٧٩٤ء، جنگ نامہ دو جوڑا، ٥٤ )
٤ - لفظ کے حروف کے اعراب کا اندراج تاکہ صحیح پڑھا جاسکے۔
"ہر ہر لفظ کے صحیح اعراب و تشکیل، لفظ بالحروف (چہرہ). وغیرہ کا بیان . تصریح کے ساتھ کیا گیا ہے"      ( ١٩٣٥ء، نغمۂ عنادل، پشت سر ورق )
٥ - مصنوعی نقشہ، روپ، شکل۔
 سجالائے اس وقت ہولی کا سانگ تو جھرمٹ تھا چہروں کا بھرتے تھے سانگ      ( ١٧٩٤ء، جنگ نامہ دو جوڑا، ٦٩ )
٦ - فرد، شخص، کردار، اداکار۔
 تلاش ہے کئی چہروں کی کاوراں میں مجھے اس انتظار میں ہوں کم ذرا غبار تو ہو      ( ١٩٧٩ء، زخم ہنر، ١٢٧ )
٧ - تمہید، ابتدا، آغاز (مرثیے کے لیے مخصوص)
"مرثیہ کے صمنی مضامین میں مرثیوں کا چہرہ ہے یعنی ابتدا کسی مناسب مضمون سے کرنا"      ( ١٩٥٨ء، شادکی کہانی شاد کی زبانی، ١٥٥ )
٨ - دیوار یا عمارت کا بیرونی رُخ۔
"چہرہ اور تہ کے آڑے رخ کی اینٹوں یا پتھروں کی سطحات کو اطراف کہتے ہیں۔"      ( ١٩٤٨ء، رسالہ رڑکی چنائی، ٢:١ )
٩ - [ تصوف ]  واحدیت کی تجلّی۔ (مصباح التعرف، 98)
١٠ - گھنٹے یا گھڑی کا وقت بتانے والا نقشہ جس پر گھنٹے، منٹ اور سکنڈ کے نشان بنے ہوتے ہیں اور سوئیاں گھومتی ہیں، ڈائل۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 166:1)
١١ - سر، گردن اور شانوں تک کا حصہ یاتصویر، حلیہ۔ (اصطلاحات پیشہ وراں، 171:4)
١٢ - شکاری پرندے کو شکار کیے ہوئے پرند کا خون چکھانے کا عمل۔
"جو جانور مارے اوس کے خوں سے آبدارہ تر کر کے کھلاوے اس ترکیب کو چہرہ کہتے ہیں"      ( ١٨٨٣ء، صید گاہ شوکتی، ٩٥ )
١٣ - سکے کی تصویر والا رخ۔
"میں ٹاس کرتا ہوں اگر چہرہ آیا تو سینما چلیں گے"      ( ١٩٤٨ء، پرواز، ٢٤ )