کام

( کام )
{ کام }
( پراکرت )

تفصیلات


اصلاً سنسکرت زبان کا لفظ ہے۔ اردو میں عربی رسم الخط کے ساتھ بطور اسم استعمال ہوتا ہے۔ سب سے پہلے ١٦٠٣ء کو "شرح تمہیداتِ ہمدانی" میں مستعمل ملتا ہے۔

اسم نکرہ ( مذکر - واحد )
جمع غیر ندائی   : کاموں [کا + موں (واؤ مجہول)]
١ - فعل، عمل، اقدام، کار۔
"یہی وہ سوالات ہیں جن کا جواب دینا حکمائے اخلاقیات کا زیادہ تر کام رہا ہے۔"      ( ١٩٦٣ء، اصول اخلاقیات (ترجمہ)، ٣٠٨ )
٢ - کسبِ معیشت کا وسیلہ یا ذریعہ (ملازمت، خدمت، محنت، مزدوری، بیوپار، کاروبار، دھندا، پیشہ)۔
"چلو یہ بجا ہے کہ کام کالا سہی لیکن اتنا تو کر سکتا ہوں کہ ڈاڑھی کی سنت پوری کرتا رہوں اس کی پیمائش جانتا ہوں۔"      ( ١٩٨٨ء، جب دیواریں گریہ کرتی ہیں، ٩٨ )
٣ - ارادہ
 رہیں آپ مضبوط اس کام پر خدا کی حضوری رکھیں دھیان دھر      ( ١٧٦٩ء، آخرگشت، ٩٧ )
٤ - روزمرہ یا مقررہ وقت کا کام، وظیفہ، شغل۔
 جو کام کو دے چکا ہو انجام فرصت طلبی سے اس کو کیا کام      ( ١٩٢٨ء، تنظیم الحیات، ٢٣ )
٥ - سروکار، واسطہ۔
 میں کروں فکر زیادہ یہ وہ ہنگام نہیں جس کو تم چاہو علم دو مجھے کچھ کام نہیں      ( ١٩١٧ء، گلزار رشید، ٤٣ )
٦ - فن، ہنر۔
"کھانا پکانے کو ہم کام بلکہ ہنر جانتے ہیں اور جس طرح کا بھی کسی میں ہو، کمال اچھا ہے، یورپ نے ساری ترقی ہنر کی وجہ سے کی ہے۔"      ( ١٩٧٤ء، ابن بطوطہ کے تعاقب میں، ٥٣ )
٧ - صنعت (فن میں) قدرت اور جدت، دستکاری، فن پارہ، شاہکار۔
"وہ . اعلٰی درجے کی صنعت کا نمونہ ہیں، ان کا کام نہایت نفیس و نازک ہے۔"      ( ١٩٠٨ء، مخزن، جنوری، ٢٠ )
٨ - زردوزی، گل کاری، نقاشی، بیل بوٹے۔
"چارخانے دار کوٹ اور واسکٹ، کمر پر سنہری کام کی بھاری بلٹ اور چارخانے دار کپڑے کی پتلون، سفری جوتوں میں ٹھنسی ہوئی۔"      ( ١٩٧٠ء، قافلہ شہیدوں کا (ترجمہ)، ٢٦٣ )
٩ - کارکردگی، کارگزاری۔
"ان کا کام قیدیوں اور بھارتی حکام کے درمیان رابطے کا تھا۔"      ( ١٩٧٤ء، ہمہ یاران دوزخ، ١١٢ )
١٠ - (دشوار) مرحلہ، مہم، مشکل، کار اہم
" آج میں لکھنے کو ایک 'کام' سمجھتا ہوں، ایک ایسی سرگرمی جو کسی بھی دوسری سرگرمی کی طرح ہے۔"      ( ١٩٩٠ء، قومی زبان، کراچی، مارچ، ٥١ )
١١ - حاجت، ضرورت۔
 ناصح اک بت سے ہے کام اک بندۂ اللہ کا جا کے سمجھا دے یہ سودا ہے خدا کی راہ کا      ( ١٩٢٥ء، دیوانِ شوق قدوائی، ٨ )
١٢ - حوصلہ، ہمت۔
"جن پہاڑوں پر اس وقت جہاز اڑ رہا ہے ان میں گھر بسانا بڑی جان جوکھوں کا کام ہے۔"      ( ١٩٨٠ء، سفر نصیب، ٤٧ )
١٣ - عہدہ یا منصب۔
"ان دنوں چابی سے متعلق جملہ کام حولادار میجر تارا سنگھ کے سپرد تھے۔"      ( ١٩٧٤ء، ہمہ یاراں دوزخ،١٠١ )
١٤ - مشغولیت، مصروفیت۔
 منجے یاد بن اس کے کچ کام نیں منجے ایک تل اُس بن آرام نیں      ( ١٦٠٩ء، قطب مشتری، ٥٥ )
١٥ - عیاری، ہوشیاری، چالاکی۔
 دیکھ کے مجھ کو منہ تو چھپایا اور حیا کا نام کیا واہ رہے تیری دانشمندی اس میں بھی اِک کام کیا      ( روشن، (فرہنگ آصفیہ) )
١٦ - معاملہ، احوال۔
 مر گیا جل جل کے یادِ شعلۂ رخسار میں سوزِ غم سے کام اپنا مثل مشعل ہو گیا      ( ١٨٨٤ء، دیوان انیس، ٦ )
١٧ - ڈاک، ڈاک کی تھیلی۔
"آج کی ڈاک میں کام گئے۔"      ( ١٨٩٨ء، فرہنگ آصفیہ، ٤٣٢:٣ )
١ - کام آنا
(وقت پر) مفیدِ مطلب ہونا، کارآمد، فائدہ دینا، سودمند ہونا۔"چھڑی وہ جو سیر اور خطرہ دونوں میں کام آئے۔      ( ١٩٨٠ء، سفر نصیب، ٤٣ )
مارا جانا، مر جانا، جان دے دینا۔ دِل کو نہ پوچھ معرکۂ حسن و عشق میں کیا جانیے غریب کہاں کام آ گیا      ( ١٩٥٤ء، آتش گل، ٥٩ )
مددگار ہونا، آڑے آنا، مدد کرنا۔"وہ غریبوں کا ہمدرد تھا ان کے کام آتا۔"      ( ١٩٣٥ء، چند ہم عصر، ٣٦٧ )
استعمال میں لایا جانا، برتا جانا، خرچ میں اٹھنا۔"جب تک تعلیم عام نہ ہو گی اس وقت تک نہ آپ کے اخبار کام آئیں گے اور نہ آپ کی کتابیں زیادہ مقبول ہوں گی۔"      ( ١٩٣٩ء، خطبات عبدالحق، ٥٩ )
٢ - کام آ پڑنا
(کسی سے) غرض وابستہ ہونا۔ کام آ پڑا ہے قاتل نازک مزاج سے مرنا جو سہل تھا مجھے دشوار ہو گیا      ( ١٨٨٦ء، دیوان سخن دہلوی، ٥٤ )
دِقّت کا سامنا ہونا، مرحلہ پیش آنا، مشکل پیش آنا۔ کہ کوئی داد دیسی نہ تج باج منج عجب کام آ کر پڑیا ہے آج منج      ( ١٦٠٩ء، قطب مشتری، )
٣ - کام بڑھانا
کام میں اضافہ کرنا، الجھن پیدا کرنا،(مہذب اللغات، پلیٹس، جامع اللغات)
٤ - کام بنانا
بگڑا کام ٹھیک کر دینا۔ اے مددگار جہاں مالک و مختارا نام تو بنا دیتا ہے بندوں کے بگڑتے ہوئے کام      ( ١٩٣٣ء، عروج سخن، ٢٨ )
٥ - کام پڑنا
تعلق ہونا، پالا پڑنا، واسطہ پڑنا۔ بنتی نہیں ہے صبر کو رخصت کیے بغیر کام ان کی بے قرار نگاہوں سے پڑ گیا      ( ١٩٤١ء، کلیات فانی، ٨٣ )
غرض اٹکنا، ضرورت پیش آنا۔ ساری عمر میں یہ کام پڑا تھا ذرا سی شکایت پر پرانے آقا کی رفاقت چھوڑ دی۔"      ( ١٩٣٠ء، اردو گلستان، ٤٤ )
سامنا ہونا، درپیش آنا دن گھٹ کے قریب آئی جب شام اک بحر رواں سے پڑ گیا کام      ( ١٨٨٧ء،ترانۂ شوق، ٥١ )
٦ - کام تمام ہونا
مارا جانا، خاتمہ ہونا، مر جانا۔"یہ زہر ملا دینا پہلے ہی نوالے میں کام تمام ہو جائے گا۔"      ( ١٩١٤ء، راج دلاری، ١٧١ )
ساری بضاعت کا خاتمہ، تباہی، بربادی ہو جانا، گور کٹارے ہونا۔ جس ملک میں ایسے مکتب اور ایسے ملا موجود ہوں وہاں بچوں کا کام تمام نہ ہو گا تو اور کیا ہو گا۔"      ( ١٩٨٢ء، آتش چنار، ٦٥٠ )
٧ - کام چلانا
کسی طرح کام بنانا یا کام نکالنا، گزارا کرنا۔"میں ایک مختلف مثال لے کر کام چلاءوں گا۔"      ( ١٩٦٣ء، تجزیہ نفس (ترجمہ)، ١١١ )
٨ - کام سے کام رکھنا
اپنے کام سے تعلق رکھنا، دوسرے کے کام سے غرض نہ رکھنا، دخل اندازی نہ کرنا۔ واعظِ بیہدہ کو بکتا ہے بکنے دو وہ تو دیوانہ ہے تم اپنے رکھو کام سے کام      ( ١٩٣٠ء، مضامین فرحت، ٢٢:٢ )
٩ - کام میں لانا
استعمال کرنا۔"گاہ گاہ جنگی قیدیوں کے لیے بھی اسے کام میں لایا گیا۔"      ( ١٩٤٢ء، غبار خاطر، ٧٧ )
١٠ - کام کرنا
کام کی طاقت یا صلاحیت پانا، کام تمام کرنا، قصہ فیصل کرنا( خود کو یا کسی اور کو) مار ڈالنا۔ بصد رخصت کے یہاں موت کسے آئے گی آپ میرا تو ابھی کام کیے جاتے ہیں      ( ١٩٣٦ء شعاع مہر، نارائن پرشاد ورما، ٨٢ )
اثر کرنا، تاثیر دکھانا، کارگر ہونا۔"میری ابھی دس گیارہ برس کی عمر ہو گی کہ یہ باتیں کام کر گئیں تھیں۔"      ( ١٩٤٢ء، غبار خاطر، ٧٨ )
کارنامہ انجام دینا، بڑا کام کرنا۔ جب غازیان فوج خدا نام کر گئے لاکھوں سے تشنہ کام لڑے کام کر گئے      ( ١٨٧٤ء، انیس مراثی، ٢٦٩:١ )
کارفرما ہونا۔"اس لڑائی کی تہہ میں کیا چیز کام کر رہی تھی۔"      ( ١٩٣١ء، سیّدہ کا لال،٧ )
کام میں لانا، کام فرمانا۔"سید انشا نے بھی شرافتِ خاندانی اور علو حوصلہ کو کام کیا اور اٹھ کر حکیم صاحب کے گلے لپٹ گئے۔"      ( ١٨٨٠ء، آب حیات، ٢٦٥ )
١١ - کام نکالنا
مطلب پورا کرنا، مطالب براری کرنا۔ عشق ترا ناکام سہی اس سے بھی کچھ کام نکال      ( ١٩٤٠ء، روحِ کائنات، ١١٨ )
١٢ - کام ہونا
کارنامہ انجام پانا، ضرورت ہونا، غرض ہونا، آرزو ہونا، کام تمام ہونا، ہلاک ہونا، مرنا۔ ان کی محفل میں پ کے جام شراب کام اپنا ہوا بنام شراب      ( ١٩٢٤ء، کلیات حسرت موہانی، ٢٢٨ )
١ - کام کا نہ کاج کا دُشمن اناج کا
وہ شخص جو کھانے میں کسر نہ کرے اور کام سے دور بھاگے، سست، کاہل، مفت خورا اور لیمو نچوڑ کی نسبت کہتے ہیں۔"ایک دن اسے سوتا پا کر چچی نے خوب جلی کٹی سنائیں وہ بولی کام کے نہ کاج کے دشمن اناج کے۔      ( ١٩٨٤ء، چولستان، ٢٨٤ )
  • Action
  • act
  • work;  labour
  • duty
  • task
  • job;  business
  • occupation;  operation
  • undertaking;  matter
  • thing
  • concern
  • interest;  a hard task;  object
  • end;  workmanship;  needlework
  • embroidery;  service
  • use