صفت ذاتی ( واحد )
١ - تپتا ہوا، جلتا ہوا، سوزاں، جس کا درجہ حرارت زیادہ رہتا ہو، تپاں (سرد کی ضد)۔
"کمرہ باہر کی نسبت کتنا گرم تھا۔"
( ١٩٨٨ء، نشیب، ٣٠٦ )
٢ - [ رفتار ] تیز، تند، طرار۔
"اب ریل کی رفتار جتنی گرم ہوتی جاتی ہے اتنی ہی ہوا کے جھونکوں میں خنکی بھی بڑھتی جاتی ہے۔"
( ١٩٤٢ء، غبار خاطر، ٣٨ )
٣ - مصروف، مشغول، سرگرم۔
"حاضرین بڑے زور شور سے گرم مباحثہ تھے۔"
( ١٩٠٥ء، مقالات شبلی، ١٣٢:٥ )
٤ - مستعد، تیار، آمادہ۔
اے مجرئی بس ہوتے ہی بازار قضا گرم سر دینے پہ جوں شمع تھے شہ کے رفقا گرم
( ١٨٧٥ء، دبیر، دفتر ماتم، ١٧٥:١٦ )
٥ - شوخ، چلبلا، شرارتی، بے باک۔
"مغاں شیوہ اس محبوب کو کہتے ہیں کہ جو بہت گرم اور شوخ اور شریں حرکات اور چالاک ہو۔"
( ١٩٤٩ء، آفاق حسین، نادرات، ٤:٢ )
٦ - حدت پیدا کرنے والی، گرمی پیدا کرنے والی، حرارت غریزی کو بڑھانے والی (دوا وغیرہ کی خاصیت کے لیے)۔
"علاج امراض میں سارا کھیل . (گرم سرد، خشک اور تر) کے تناسب کا ہے۔"
( ١٩٢٧ء، تاریخ فلسفۂ اسلام، ١١٨ )
٧ - بلیغ، بلند، پراثر (مضمون یا شاعری وغیرہ)۔
"مگر اس سنگ محک پر ہمارے شعری سرمائے کا نرم و گرم حصہ نہ حجم میں زیادہ نکلے گا نہ معیار میں۔"
( ١٩٨٨ء، آج بازار میں پابہ جولاں چلو، ٤٣ )
٨ - سخت، تند، (مزاح اور طبیعت کے لیے) تیز۔
"ایک ایسے عہدہ دار کے لیے چند خصوصیات لازمی ہیں، میٹھا ہو، ضرورت کے وقت نرم اور گرم بن سکے۔"
( ١٩٢٢ء، نقش فرنگ، ٤٢ )
٩ - خفا، ناراض۔
عدو پر گرم تھے بدقسمتی سے میں بھی آ پہنچا بخار اترے گا اب اچھی طرح ان کی حرارت کا
( ١٩٤٢ء، سنگ و خشت، ١٠ )
١٠ - زیادہ، بہت زیادہ، بے حد (بہتات اور تپاک کے لیے)۔
شمع رویوں سے اتنا گرم نہ مل ان کی جو بات ہے زبانی ہے
( ١٨٤٤ء، خواجہ امین الدین امین، دیوان، ٢٤١ )
١١ - تیز، پراثر، جوشیلا، پرجوش۔
باتیں جن کی گرم بہت ہیں، کام انہی کے خام بہت کافی کے ہر گھونٹ پہ دوہا، کہنے میں آرام بہت
( ١٩٧٩ء، ابن انشاء، دل وحشی، ١٠٨ )
١٢ - غضبناک، غصہ سے بھرا ہوا۔
"ہرمز جب گل کا نام سنا، بہت خفا ہوا اور دائی کی طرف گرم آنکھ سے تاکا۔"
( ١٨٠٠ء، قصۂ گل و ہرمز (ق)، ٣٠ الف )
١٣ - اختلاط رکھنے والا، گھلنے ملنے والا۔
ملنے میں کتنے گرم ہیں یہ ہائے دیکھنا کشتہ ہوں میں تو شعلہ اخوں کے تپاک کے
( ١٨٢٤ء، مصحفی، دیوان (ق)، ٢٣ )
١٤ - خوب، کھرا، چوکھا۔
گر کہیے بغل کیجئے ہماری بھی ذرا گرم تو آنکھ جھپک ناز سے کہتا ہے وہ کیا گرم
( ١٨٠٩ء، جرات، کلیات، ٤٢٠:١ )
١٥ - صفراوی، پت کا۔ (ماخوذ : فرہنگ آصفیہ، علمی اردو لغت)