١ - رُو برُو کرنا
سامنے کرنا، سامنے لانا، بالمقابل، مدمقابل بنانا۔ فطرت کو خود کے روبرُو کر تسخیرِ مقامِ رنگ و بُو کر
( ١٩٣٨ء، بالِ جبریل،٨٦ )
صورت دکھانا، پردہ اٹھانا، پردہ نہ کرنا، سپرد کرنا، ہاتھ میں ہاتھ دینا، ہاتھ پکڑنا،۔ (ماخوذ: فرہنگ آصفیہ)
٢ - رُو برُو لانا
(احتراماً) سامنے لانا، حاضر کرنا، پیش کرنا، کسی بزرگ یا حاکم کے آگے لانا۔"اس کے بیٹے کو اس کے رُوبرو لا کر کہا کہ اگر قلعہ نہ سپرد کرے گا تو تیرا یہ جگر گوشہ ہلاک کیا جائے گا۔"
( ١٨٩٧ء، تاریخ ہندوستان، ٥، ٥٦٦:٢ )
٣ - رو بہ تنزّل
زوال آمادہ، تنزّل کی طرف مائل۔"جس طرح موسیقی اور نغمہ انسانیت کی تہذیب کا بہترین ذریعہ ہے اسی طرح کسی قوم کے اجتماعی اور قومی کردار کو رُو بہ تنزل کرنے میں بھی اتنا ہی زود اثر ہے۔"
( ١٩٧٠ء، برشِ قلم، ١٧٦ )
٤ - رُوگردانی کرنا
منہ پھیرنا، انحراف کرنا۔"اگر کسی نے دفتری اصول و ضوابط سے رُوگردانی کی تو بوس اس کے خلاف ضرور ایکشن لے گا معاف نہیں کرے گا۔"
( ١٩٨٧ء، گلی گلی کہانیاں، ١٣٧ )
٥ - روپوش ہونا
غائب ہونا، منہ چھپا لینا، فرار ہونا۔ لو ہم ہی اس جہان سے رُوپوش ہو چلے تُہ کر نہ رکھو اب آپ اس اپنے حجاب کو
( ١٨٢٦ء، دیوان معروف، ١٠٥ )
٦ - روشناس ہونا
جان پہچان ہونا، واقف یا متعارف ہونا۔"اس راستہ کا حل مسعودی نے "مروج الذہب" میں لکھا ہے یہی وہ سواحل ہیں جو اب نٹال اور ٹرانسوال وغیرہ ناموں سے روشناس ہیں۔"
( ١٩٣٥ء، عربوں کی جہاز رانی، ٦٨ )